بس ڈمپر کی ٹکر سے سات افراد ہلاک ، 16 زخمی
بھنڈ ، اکتوبر۔ مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ کے گوہد تھانہ علاقہ میں آج صبح ایک نجی مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان تصادم میں سات مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور 16 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو گوہد اور گوالیار کے ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ، بس جو صبح گوالیار سے اترپردیش میں بریلی کے لیے روانہ ہوئی تھی گوالیار بھنڈ سڑک پر گھومکاپورہ کے قریب سامنے سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں چھ مرد اور ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ 16 دیگر زخمی ہوئے۔ ان میں سے 4 شدید زخمی ہیں۔ ان زخمیوں کو علاج کے لیے گوالیار ریفر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 12 افراد گوہد کے ہسپتال میں داخل ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار سنگھ اور انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ مرنے والوں کی شناخت رجت راٹھور (22) ، ساگر ، رانی آدیواسی ، ہریندر تومر (28) ، جیوتی نگر ، اٹاوہ اترپردیش ، ہری اوم پٹیریا ساکن ہردوئی اترپردیش کے طور پر ہوئی ہے۔ دوسرے مرنے والے کی شناخت کی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس میں کل 50 مسافر سوار تھے۔