بانڈی پورہ میں مسلح تصادم، دو جنگجو ہلاک
سری نگر، ستمبر۔شمالی ضلع بانڈی پورہ کے وترینہ نامی گائوں میں ایک مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے دو جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ کے وترینہ نامی علاقے میں اتوار کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران دو جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وترینہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی 14 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے اتوار کی صبح مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے جا چکے تھے جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔