ایوان میں نعرے بازی پر لگام لگانے کیلئے غورو خوض کریں سیاسی جماعتیں : برلا
پٹنہ ،فروری۔ لوک سبھااسپیکر اوم برلا نے جمعرات کو قان سازیہ کے اراکین کی جانب سے ایوان میں نعرے بازی اور پٹیوں کے استعمال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اب مناسب وقت آگیاہے کہ تمام قانون سازادارے اور سیاسی جماعتیں اجتماعی طو رپر اس پر روک لگانے پر غور کریں۔مسٹر برلا نے یہاں بہار اسمبلی کی یوم تاسیس تقریب کے موقع پر اسمبلی اور کونسل کے اراکین کے لئے منعقدہ تقریب کا افتتاح کیا۔ اس دوران اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ ایوان کے وقار کو برقرار رکھنا ضروری ہے ۔ جمہوریت میں ایوان کا تقدس اس کے اراکین کے رویے سے منسلک ہوتاہے ۔ اس لئے اس کے تقدس کو برقرار رکھنا اراکین کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ ایوان بحث اور بات چیت کیلئے ہے نہ کہ رخنہ ڈالنے کیلئے ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ اور قانون ساز اداروں کو مو ¿ثر بنانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ عوامی نمائندے عوام کے مسائل کے تئیں حساس ہوں اور قانو ن سازی کے ذریعہ ان کی امیدوں اور توقعات کو پورا کرنے کی سمت میں کام کریں۔انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندوں کو اخلاقی طرز عمل کے اعلیٰ ترین معیارات پر عمل کرنا چاہئے ۔مسٹر برلانے کہاکہ عوامی نمائندوں کو اپنا ہر کام ایمانداری اور شفافیت سے کرنا چاہئے ۔ اراکین کو اپنے عوامی اور نجی زندگی میں اخلاقیات کے بلند معیار کی پیروی کرنی چاہئے ۔ ان کا اخلاق ایسا ہونا چاہئے جس سے ایوان کا وقار بڑھے ، سماج کو ترغیب ملے اور دوسروں کیلئے ایک مثال بنے ۔انہوں نے کہاکہ عوام اور حکومت کے مابین ایک پل کے طورپر اراکین کی سب سے بڑی ذمہ داری لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے ۔ انہیں یہ یقینی بنانا چاہئے کہ جمہوریت میں لوگوں کا اعتماد بڑھے ، ان کی امیدیں اور توقعات پوری ہوں اور عوامی فلاحی کاموں کا فائدہ سماج کے آخری شخص تک پہنچے تاکہ سماج میں مثبت سماجی ۔ معاشی تبدیلی ہوسکے ۔لوک سبھااسپیکر نے اس بات پر بھی زور دیاکہ سیشن کے دوران میٹنگوں کے کم ہوتے دورانیے پر تمام اسٹیک ہولڈرز اس پر توجہ دیں جس سے لوگوں کے جذبات کی مناسب طریقے سے عکاسی ہوسکے ۔اس موقع پر انہوں نے بہار اسمبلی ڈیجٹیل ٹی وی اور بہار اسمبلی میگزین کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے بہار اسمبلی بلڈنگ کے صدسالہ یادگار ستون کی بھی نقاب کشائی کی ۔پروگرام میں راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئر مین ہری ونش ، بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار ، بہار اسمبلی کے اسپیکر وجے کمار سنہا ، اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو اوردیگر کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔اس پروگرام کا انعقاد لوک سبھا سکریٹریٹ کے پارلیمانی ڈیموکریسی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی چیوٹ اور بہار قانون ساز اسمبلی سکریٹریٹ کے اشتراک سے کیا گیا ۔