اگر مافیا راج اقتدار میں آیا تو یوپی میں سرمایہ کاری نہیں ہوگی:شاہ
علی گڑھ:فروری۔وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو علی گڑھ میں ڈیفنس کاریڈور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مافیا راج دوبارہ اقتدار میں آیا تو اترپردیش میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔اترولی میں ’پربھاوی متداتا سمیلن‘ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا’سماج وادی پارٹی اترپردیش کی ترقی کے لئے کچھ بھی نہیں کرسکتی ہے۔بی جے پی اقتدار میں علی گڑھ میں جو کاریڈور بنایا گیا ہےاگر ایس پی اقتدار میں آتی ہے، اگر مافیا راج کی تاجپوشی ہوتی ہے تو پھر اس کاریڈور میں ایک بھی پیسہ نہیں لگایا جائے گا۔شاہ نے کہا کہ بی جے پی اقتدار سے قبل یوپی کے نظم ونسق کا یہ عالم تھا کہ پولیس بھی مافیا اور کریمنل سے خوف کھاتی تھی۔لیکن جیسے ہی ریاست کی زمام اقتدار یوگی کے ہاتھوں میں آئی مافیا ریاست چھوڑ کر فرار ہوگئے۔اب اگر آپ مافیاؤں کی تلاش میں نکلیں گے تو انہیں آپ تین مقامات بشمول جیل، یوپی سے باہر یا پھر ایس پی کے امیدواروں کی لسٹ میں۔شاہ نے کہا کہ یوگی حکومت ریاست میں نظم ونسق کو ٹریک پر لائی ہے۔’ڈبل انجن کی حکومت نے گذشتہ پانچ سالوں میں ریاست کو اک دم تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا’اکھلیش یادو نے کورونا ویکسین کی مخالفت کرتے تھے اور اسے بی جے پی کی ویکسین کہتے تھے۔انہوں نے ویکسین کے معاملے میں عوام کو گمراہ کیا یہ اور بات ہے کہ بعد میں انہوں نے خود بھی ویکسین لگوا لی۔یہ مودی حکومت ہے جس نے 130کروڑ باشندوں کی ٹیکہ کاری کو یقینی بنایا۔شاہ نے سوال کیا کیا اگر ایس پی حکومت اقتدار میں ہوتی تو غریبوں کو بیت الخلاء،بجلی، گیس سلنڈر ملا ہوتا؟یہ مودی جی ہی تھے جن کی بدولت یہ ممکن ہوسکا ہے۔انہوں نے 40لاکھ سے زیادہ غریبوں کو گھر بھی فراہم کئے ہیں۔انہوں نے پانچ لاکھ روپئے تک کے مفت علاج کا بھی انتظام کیا۔