اقوام متحدہ میں ہندوستانی نقطہ نظر سے مستقبل کی دنیا کی تصویر پیش کرے گی ہندوستان کی بیٹی پوپل
نئی دہلی ، ستمبر۔ ہندوستان کی ایک بیٹی کی آواز پیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گونجے گی جو اپنے مخصوص انداز میں کہانی کی صورت میں مستقبل کی دنیا کا ایک خاکہ پیش کرے گی اور وہ بھی ہندوستانی نظریے سے۔ جی ہاں ! ہندوستان کے 29 سالہ پیش گو پوپل بشٹ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سیشن میں پائیدار ترقی کے اہداف کےتحت ’انصاف ، مساوات اور اعتماد کے لیے موثر اور جامع ادارہ‘ کے موضوع پر ایک پینل مباحثے میں حصہ لیں گی۔ اس بحث میں ، وہ ماضی کی کہانیوں کے ذریعے ہندوستانی نقطہ نظر سے مستقبل کی دنیا کا ایک نقشہ کھینچے کی کوشش کریں گی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے بلائے گئے اس خصوصی سیشن میں شرکت کے لیے پرجوش ، محترمہ بشٹ نے یو این آئی کو بتایا، ’اس اہم مباحثے میں حصہ لینا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ سال 2020 کی دہائی 2030 کے پائیدارترقیاتی اہداف کا حصول بہت ضروری ہے۔ عالمی برادری کو ان پر فوری اور مؤثر طریقے سے عمل کرنا ہوگا۔ ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ سسٹم میں بیٹھے چند لوگوں کی طرف سے ہر ایک کے مستقبل کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ جس پیمانے پر تبدیلیاں ہو رہی ہیں اس سے کوئی بھی پیچھے نہ رہے۔ یہ ایک موقع ہے کہ حدود سے باہر جا کر ہم آہنگی کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ ہم اپنی موجودہ اور مستقبل کی نسلوں کے لیے ہمہ جہت دنیا کی تعمیر کر سکیں‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماضی کی گہرائی میں جاکر مستقبل کی تصویر پینٹ کرنے کی کوشش کرتی ہیں کیونکہ ہماری لوک کہانیوں کے پاس لامحدود خزانے ہیں جنہیں دنیا تک پہنچانے کی ضرورت ہے اور وہ اپنے کہانی سنانے کے انداز کے ذریعے بھی ایسا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔اس خصوصی سیشن میں وہ 30 رکن ممالک کے عالمی سطح پر معروف سماجی رہنماؤں کے ساتھ تبادلہ خیالات کریں گی۔سیشن میں مختلف نجی اور بین الاقوامی شراکت دار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹریس کی افتتاحی تقریر کے بعد یہ سیشن شروع ہوگا اور اس میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کی ملنڈا گیٹس، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی ،افریقہ کے لیے اقوام متحدہ کا اقتصادی کمیشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری ڈاکٹر ویرا سونگ وے ، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ایڈمنسٹریٹر اچیم اسٹینر ، اور تیس سے چالیس ملکوں کے سربراہ مملکت بھی شرکت کریں گے۔