اسٹالن نے بچوں کے لیے کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا
چنئی، جنوری۔تمل ناڈو حکومت نے پیر کو 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے کورونا ٹیکہ کاری مہم شروع کی۔وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے وزیر صحت سبرامنیم کےانتخابی حلقہ سیداپیٹ کے ایک سرکاری اسکول سے ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔کورونا ٹیکہ کاری کی اس عظیم مہم کا آغاز کرتے وقت وزیر صحت، سیکریٹری صحت اور دیگر حکام بھی موقع پر موجود تھے۔ یہ مہم وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کووڈ ٹیکہ کاری میں توسیع کے اعلان کے مطابق آج سے شروع کی گئی ہے ۔محکمہ صحت کے اہلکار نے بتایا کہ ریاست میں مخصوص عمر کے بچوں کے لیے ویکسین کافی مقدار میں دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2007 یا اس سے قبل پیدا ہونے والے تمام بچوں کو اسکولوں کے کیمپوں میں لگائے جانے والے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے تاکہ انہیں ٹیکہ کاری کے لیے دور دراز کا سفر نہ کرنا پڑے۔محکمہ اسکولی تعلیم کے تعاون سے ریاست کے تمام اسکولوں میں ٹیکہ کاری مہم چلائی جارہی ہے، جس کے لیے ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ اینڈ پریونٹیو میڈیسن نے رہنما ہدایات جاری کیے ہیں۔ اسکول ایجوکیشن محکمہ کے کمشنر کو پہلے ہی خط لکھ کر سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی فہرست طلب کی جاچکی ہے۔ اس کے ساتھ پرائیویٹ اور سی بی ایس ای اسکولوں کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ 2007 اور اس سے پہلے کے بچوں کو کورونا کے ٹیکے لگائیں۔مسٹر سبرامنیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اسٹالن 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو بوسٹر خوراک دینے کے لیے 10 جنوری کو اس کا آغاز کریں گے۔