گورنر اوروزیراعلیٰ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا
رانچی، جنوری ۔ جھارکھنڈ میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر سروودیا آشرم (تریل، دھروا) میں واقع بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گورنر رمیش بیس اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے گلہائے عقیدت پیش کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔گورنر مسٹر بیس نے آج کہا کہ ملک کی آزادی کے لیے کئی تحریکیں چلیں ، لیکن بابائے قوم مہاتما گاندھی نے سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر چل کر ملک کو آزادی دلائی ۔ باپو نے پوری دنیا کو سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر چلنے کا منتر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کھلے آسمان میں سانس لے رہے ہیں، اس میں باپو کا تعاون سب سے اہم ہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ مسٹرسورین نے کہا کہ سماج میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی بدولت ہندوستان دنیا کی سب سے مضبوط جمہوریت والا ملک ہے ۔ ایسے عظیم انسانوں کی رہنمائی یقیناً کسی بھی قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ آج باپو کو ان کی برسی کے موقع پر یاد کرتے ہوئے ہم انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری راجیو ارون اکا، جنوبی چھوٹا ناگ پور ڈویژنل کمشنر نتن مدن کلکرنی، ڈپٹی کمشنر رانچی چھوی رنجن، ایس ایس پی رانچی سریندر کمار جھا، سروودیا آشرم کے سرپرست ابھے کمار چودھری اور دیگر معززین موجود تھے۔