گورنر جگدیپ دھنکر بنگال کے دشمن ہیں:ترنمول کانگریس
کلکتہ ،دسمبر ۔مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور گورنر جگدیپ دھنکر کے درمیان رسہ کشی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ترنمول نے اپنے ترجمان ”جاگو بنگلہ“ میں گورنر کی سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں بنگال کا دشمن قرار دیاگیا ہے۔جاگو بنگلہ نے اپنے اداریہ میں لکھا ہے کہ بنگال کے گورنر دھنکر ریاست کی فلاح و بہبود کی اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے بجائے ریاست کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔وہ بنگال کے دشمن ہیں اور گورنر کے عہدے کیلئے نااہل بھی ہیں۔ اداریے میں لکھا گیاہے کہ ”گورنر کا عہدہ آئینی اور معزز ہے لیکن اگر کوئی شخص اس پر بیٹھ کر کسی سیاسی پارٹی کے لیے کام کرتا ہے، تو یہ اس آئینی عہدے کی توہین ہے اور اس کی مخالفت کی جانی چاہیے۔گورنر دھنکر یہی کام کررہے ہیں۔ ان کا کام صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے آکسیجن بننا ہے۔ادارئیے میں بنگال کے گورنر دھنکر کے شمالی بنگال کے دورے پر بھی طنز کیا گیا ہے۔ اداریہ میں پارٹی نے لکھاہے کہ پہاڑوں پر امن لوٹ آیا ہے اور ممتا بنرجی کے دور حکومت میں کافی ترقی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گورنر وہاں پر امن اور بلا روک ٹوک گھوم رہے ہیں۔ حکومت کرتے تو وہ ایسا نہیں کر پاتے کیونکہ تب احتجاج کی آگ میں پہاڑ جل رہا تھا۔جب بی جے پی لیڈر شمالی بنگال کی علاحدہ ریاست کا مطالبہ کرتے ہیں تو گورنر کچھ نہیں کہتے۔پھر ان کا کوئی ٹویٹ نہیں ہوتا۔ وہ مسلسل آئینی دائرے سے باہر کام کر رہے ہیں۔ گورنر کے عہدے کے لیے نااہل ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کے طور پر برتاؤ کر رہے ہیں۔ دھنکھر بنگال کا دشمن ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر حکمراں جماعت اور ریاستی حکومت کے کام کرنے کے انداز پر لگاتار سوال اٹھا رہے ہیں۔ حال ہی میں وزیر تعلیم برتیا باسو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی یونیورسٹیوں کی چانسلر کے طور پر تقرری کے بارے میں قانونی پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس پر طنز کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ وزیر کو یہ بھی دیکھنا چاہئے کہ ممتا کو گورنر بنایا جا سکتا ہے یا نہیں۔