ٹیچر تقرری کے امیدواروں پر لاٹھی چارج شرمناک:مایاوتی
لکھنؤ:دسمبر۔ بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سپریمومایاوتی نے ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ کے امیدواروں پر لکھنؤ میں لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے تحریک کار امیدواروں کی جائز مطالبات پر غور کرتے ہوئے کوئی ٹھوس فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اترپردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے اتوار کو ٹوئٹ میں کہا یوپی میں 69ہزار ٹیچر تقرری کے پرانے و التوا معاملوں کے سلسلے میں راجدھانی لکھنؤ میں کل رات پر امن کینڈل مارچ نکالنے والے سینکڑوں نوجوانوں کا پولیس لاٹھی چارج کر کے زخمی کرنا کافی تکلیف دہ و قابل مذمت ہے۔بی ایس پی کامطالبہ ہے حکومت ان کی جائز مطالبات پر فورا ہمدردانہ طریقے سے غور کرے۔قابل ذکر ہے کہ گذشتہ اتوار کو ٹی ای ٹی امتحان کاپرچہ افشاں ہونے کے بعد ٹیچروں کی سالوں سے التوا کا شکار تقرریوں کو بحال کرنے کے مطالبے کے سلسلے میں امیدوار کا گروہ لکھنؤ میں جمعہ کی دیر شام کینڈل مارچ نکال رہا تھا۔اسی وقت پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کر انہیں دھرنا کے مقام چھوڑنے کے لئے مجبور کردیا۔