سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں جینت۔اکھلیش کی ملاقات
لکھنؤ:نومبر۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی)کے صدر اکھلیش یادو اور راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) سربراہ جینت چودھری یوپی کے آنے والے اسمبلی انتخابات میں دونوں پارٹیوں نے درمیان اتحاد کو حتمی شکل دینے کے لئے سیٹوں کی تقسیم پرمنگل کو فیصلہ کرسکتےہیں۔ایس پی کے ذرائع کے مطابق جینت نے یہاں واقع اکھلیش کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ بند کمرے میں چل رہی میٹنگ میں دونوں لیڈر سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان انتخابی اتحاد کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔ذرائع کے مطابق جینت نے ایس پی سے 50 سیٹوں کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ ایس پی قیادت آر ایل ڈی کو 30تا32سیٹیں دینے کی پیشکش کی ہے۔ وہیں مغربی اترپردیش کی چار سے پانچ سیٹیں ایسی ہیں جن پر دونوں پارٹیوں کے اپنے امیدوار اتارنے کی وجہ سے ان سیٹوں کی حالت ابھی واضح نہیں ہے۔ سب سے اہم معاملہ چرتھاوال اسمبلی سیٹ کا ہے۔ اس سیٹ پردونوں پارٹیاں اپنے امیدوار اتارنے پر بضد ہیں۔حال ہی میں ایس پی کی سائیکل پر سوار ہوئے ہریندر ملک کو اکھلیش اس سیٹ سے ٹکٹ دینا چاہتے ہیں جبکہ جینت خود اس سیٹ سے اسمبلی انتخابات میں قسمت آزمانا چاہتے ہیں۔اکھلیش اور جیتن کے درمیان ہورہی میٹنگ میں انہیں مسائل پر رضامندی قائم ہونے کی توقع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر سیٹوں کی تقسیم پر دنوں فریق کے درمیان اتفاق ہوجاتا ہے تو ایس پی دفتر سے اس کا رسمی اعلان بھی کردیا جائے گا۔پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے یواین آئی کو بتایا کہ اتحادی پارٹیوں کو اتحاد کے تحت زیادہ سے زیادہ 50تا55سیٹیں ہی دی جائیں گی۔ ان میں آر ایل ڈی کے علاوہ اوم پرکاش راج بھر کی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی اور آر ایل ڈی سمیت دیگر چھوٹی پارٹیاں بھی شامل ہیں۔ ایسے میں آر ایل ڈی کے حصے میں مغربی اترپردیش کی 25اور سہیل دیو سماج پارٹی کو پوروانچل کی ایک درجن سے زیادہ سیٹیں ملنے کے امکانات ہیں۔