کانگریس کو سمجھناہوگا کی اس کے برے دن چل رہے ہیں:مایاوتی
لکھنئو , اکتوبر۔ طالبات کو اسکوٹی موبائیل فون دینے کے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے وعدے پر طنز کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے کہا کہ انتخابات آنے پربھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی طرح ’اچھے دن‘ عوام کولبھانے والے وعدے کرنے والی کانگریس کوسمجھنا ہوگا کہ اس کے برے دن چل رہے ہیں۔محترمہ مایاوتی نے جمعہ کو ٹویٹ کیا، "کانگریس نے انتخابی چالوں کے تحت بی جے پی اور ایس پی کی طرح ہی مختلف طرح کے پرکشش وعدے کرنے شروع کردئے ہیں، جس کے تحت اس پارٹی نے یوپی میں حکومت بنانے پر کامیاب طالبات کو اسمارٹ فون اوراسکوٹی دینے کی بات کہی ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ ان پر کون یقین اورکیسے کریں۔کانگریس کی راجستھان اور پنجاب میں حکومت ہے تو کیا انہوں نے ایسا کچھ کرکے دکھایا ہے جولوگ ان کی باتوں پر یقین کرلیں۔ نہیں کیا ہے تو پھر لوگ ان پریقین کیسے کریں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس اور بی جے پی جیسی جماعتوں کے دعووں اور وعدوں پر عوامی اعتماد کی شدید کمی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے دھوکہ دہی اور وعدہ خلافی کے سبب کانگریس کے برے دن چل رہے ہیں اورانہیں کچھ خاص وجوہات کی بناپر بی جے پی کے بھی برے دن شروع ہوچکے ہیں۔ ’اچھے دن‘ کا خواب دکھاکر لوگوں پر مہنگائی، غربت اوربیروزگاری کاپہاڑ توڑنے کا خمیازہ بی جے پی کو بھی بھگتنا پڑے گا۔