کرناٹک میں بی جے پی کو شکست کا خوف ستا رہا ہے
جے پور، مئی۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو وہاں شکست کا خوف ستارہا ہے۔مسٹرگہلوت نے ہفتہ کی شام یہاں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر نامہ نگاروں سے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ’’کرناٹک میں انتخابی مہم کے دوران میں نے عوام کے جذبات کو سمجھا ہے اور مجھے یقین ہے کہ کرناٹک سے بی جے پی کی رخصتی یقینی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کرناٹک میں شکست سے خوفزدہ ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منی پور جل رہا ہے، کشمیر میں پانچ جوان شہید ہوگئے، لیکن وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شکست سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ دہلی چھوڑ کر کرناٹک میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا کی آبائی ریاست ہماچل میں شکست کو ہضم نہیں کرپارہی بی جے پی اب مسٹر کھڑگے کی آبائی ریاست میں کانگریس کو شکست دے کر اپنا درد کم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ لیکن کرناٹک کے لوگ سچائی کے ساتھ ہیں اور ریاست کی باگ ڈور کانگریس کو سونپ کر بی جے پی کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔مسٹرگہلوت نے کہا کہ منی پور تشدد میں راجستھان کے کچھ طلباء کے پھنس جانے کی خبریں تشویشناک ہیں۔ راجستھان کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس وہاں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جلد ہی ان سب کو بحفاظت باہر نکالنے اور بحفاظت گھر پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔