امکانی حملوں کے پیش نظر جموں میں ہائی الرٹ جاری
آرمی اسکول تا حکم ثانی بند، جموں شہر فوجی چھاونی میں تبدیل
جموں،مئی۔ امکانی حملوں کے پیش نظر جموں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا جبکہ فوجی تنصیبات اور حساس عمارتوں کے اردگرد اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ فوج کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ فوجی گاڑیوں پر حملہ کر سکتے ہیں جس کے پیش نظر فوجی گاڑیوں کو بازار یا دیگر مقامات پر کھڑی نہ کرنے کے ضمن میں ایڈوائزری جاری کی گئی ۔ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع کے بعد سنجوا جموں میں آرمی اسکول کو تا حکم ثانی بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ۔پورے جموں شہر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق جموں میں امکانی حملوں کے پیش نظر صوبے بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ جموں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پہرے بٹھاد ئے گئے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مشکوک افراد پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ جموں کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، ان علاقوں میں جموں شہر سمیت سرحدی علاقے شامل ہیں۔دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستا ن جموں میں سیکورٹی اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہا ہے جس کی خفیہ اطلاع سیکورٹی ایجنسیوں تک پہنچ چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع کے بعد پٹھان کوٹ سے جموں تک سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سیکورٹی وجوہات کی بناپر سنجوا میں آرمی پبلک اسکول کو اگلے احکامات تک بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ جموں میں اہم عمارتوں، حساس تنصیبات ، فوجی کیمپوں ، پولیس اسٹیشنوں کے اردگرد اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کی جانب سے ملی اطلاع کے بعد بین الاقوامی سرحد کو فوج نے پوری طرح سے سیل کیا اور کسی کو بھی سرحد کے نزدیک جانے کیا جازت نہیں دی جارہی ہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو اطلاع ملی ہے کہ ملی ٹینٹ پونچھ طرز پر حملہ کر سکتے ہیں جس کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح سے چوکس ہو گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کی اطلاع کے مطابق حملہ آور پہلے ہی جموں وکشمیر میں داخل ہو چکے ہیں اور وہ مقامی بالائی ورکروں کی مدد سے تخریبی سرگرمیوں کو انجام دینے کی فراق میں ہیں۔سیکورٹی فورسز کو اطلاع ملی ہے کہ ملی ٹینٹ فوجی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں جس کے پیش نظر فوجی گاڑیوں کی نقل حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ خفیہ ایجنسی کی اطلاع کے بعد جموں میں فوجی گاڑیوں کے لئے ایڈوائزری جاری کی گئی جس کے پیش نظر کسی بھی فوجی گاڑی کو بازار یا دیگر مقامات پر کھڑی نہ کرنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ جموں شہر کو چاروں اطراف سے سیکورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں شہر میں حساس عمارتوں، فوجی تنصیبات اور پولیس تھانوں کے اردگرد بھی پیراملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ امکانی حملوں کے پیش نظر صوبہ جموں میں تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی طور پر تلاشیوں کا سلسلہ جموں صوبے میں جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر کئی نا کے بٹھائے گئے ہیں۔ ان ناکوں پر گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے۔