وزیر اعظم 28 اپریل کو 91 ایف ایم ٹرانسمیٹرس کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی، اپریل ۔وزیر اعظم نریندر مودی 28 اپریل کو صبح 10 بج کر تیس منٹ پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ 100 واٹس کے 91 ایف ایم ٹرانسمیٹرس کا افتتاح کریں گے۔حکومت، ملک میں ایف ایم کنکٹی وٹی میں اضافہ کے تئیں عہد بند ہے۔ 100 واٹس کے 91 نئے ایف ایم ٹرانسمیٹرس، 18 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں کے 84 اضلاع میں نصب کئے گئے ہیں۔ اس توسیع کی خاص توجہ، امنگوں والے اور خواہش مند اضلاع اور سرحدی علاقوں میں کوریج میں اضافہ کئے جانے کی جانب مرکوز کی گئی ہے۔ جن ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیاگیا ہے ان میں بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مغربی بنگال، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، ہریانہ، راجستھان، اترپردیش، اتراکھنڈ، آندھرا پردیش، کیرالہ، تلنگانہ، چھتیس گڑھ، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، لداخ، انڈمان ونکوبار جزائر وغیرہ شامل ہیں۔ اے آئی آر کی ایف ایم سروس میں اس توسیع کے ساتھ ہی، ان اضافی دو کروڑ افراد کو، جن کی اب تک اس میڈیم تک رسائی حاصل نہیں تھی، اب اس میں شامل کرلیا جائے گا۔ اس قدام کی بدولت، لگ بھگ 35000 مربع کلو میٹر علاقہ کا احاطہ کیا جائے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی اس بات میں پختہ یقین رکھتے ہیں کہ عوام الناس سے رابطہ قائم کرنے میں ریڈیو اہم کردار ادا کرتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ ممکن سامعین تک رسائی حاصل کرنے کی غرض سے، اس میڈیم کی منفرد طاقت کو بروئے کار لانے کی خاطر، وزیر اعظم نے من کی بات پروگرام کا آغاز کیا تھا، جو اب اپنے تاریخی ایک سو ویں پروگرام کے نزدیک پہنچ گیا ہے۔