دھامی نے مودی کو چار دھام آنے کی دعوت دی
نئی دہلی، اپریل۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے پیر کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے بشکریہ ملاقات کی، ریاست کو دی جانے والی مرکزی مدد کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا اور مسٹرمودی کو چاردھام یاترا پر اتراکھنڈ کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔اس دوران وزیر اعلیٰ نے مسٹر مودی کو بتایا کہ جوشی مٹھ لینڈ سلائیڈنگ اورزمین دھنسنے کے لیے 2.5 ہزار کروڑ روپے کے اقتصادی پیکیج کی ضرورت ہے۔ ریاست میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت 473 کام باقی ہیں اور انہیں اگلے سال مارچ تک کی اجازت دینے، پتھورا گڑھ سے ہوائی خدمات، ہریدوار سے وارانسی کے لئے وندے بھارت ریل سروس شروع کرنے اور جمرانی ڈیم ملٹی پرپز پروجیکٹ کے لئے مالی منظوری اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی سے منظور کرانے کی اپیل کی۔مسٹر دھامی نے مسٹر مودی سے تقریباً ایک گھنٹے تک بات کی اور انہیں ریاست کی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے جمرانی ڈیم پروجیکٹ کو مرکز کی منظوری دینے اور ریاست کو ملنے والے مختلف منصوبوں اور کیپٹل اسکیموں کے لیے خصوصی امداد دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔