شمالی آئرلینڈ کیلئے بریگزٹ ڈیل کی تکمیل کیلئے یورپی یونین اور برطانیہ معاہدے کے قریب

لندن،فروری۔ایسا معلوم ہوتاہے کہ شمالی آئر لینڈ کیلئے بریگزٹ ڈیل کی تکمیل کیلئے یورپی یونین اور برطانیہ معاہدیکے قریب پہنچ چکے ہیں ،نمبر10کے ایک ذریعے کا کہناہے کہ مذاکرات مثبت سمت میں جاری ہیں۔شاہ چارلس کو ہفتہ کو برطانیہ میں یورپی کمیشن کی صدر سے ملاقات کرنی تھی ،بی بی سی کے مطابق اسے مختلف ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ یہ دورہ آپریشنل اسباب کے تحت منسوخ کردیا گیا لیکن اس کا سیاسی مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اسکائی نیوز نے شاہ چارلس یورپی کمیشن کے صدر ارسلا ون ڈر لیین کی ملاقات کی خبر نشر کی تھی لیکن اس کا برطانیہ اور یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے،لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہورہی تھی جب بریگزٹ ڈیل مکمل ہونے والی ہے اور اسے عوام کے سامنے ایسے وقت پیش کیاجائے گا جب یورپی کمیشن کی صدر ارسلا ون ڈر لیین برطانیہ ہی میںہوں گی ،ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا ون ڈر لیین باب کب برطانیہ آئیں گی۔بعض حلقوں کا کہناہے کہ شمالی آئرلینڈ سے متعلق پروٹوکول پر نیا معاہدہ مکمل ہے اور اسے ونڈسر معاہدے کا نام دیاجائے گا اور اسے وزیراعظم رشی سوناک اور ارسلا ون ڈر لیین باب کی کیمروں کے سامنے موجودگی میں پیش کیاجائے گا ،یہ معاہدہ 2021 میں سابق وزیراعظم بورس جانسن کے دور میں طے پایاتھا اس معاہدے کے تحت شمالی آئر لینڈ برطانوی سرحدوں پر چیکنگ کیلئے یورپی یونین کے بعض قوانین پر عمل کررہاہے ،وزیرا عظم رشی سوناک اور رسلا ون ڈر لیین باب کے درمیان جمعہ کو فون پر بات ہوئی تھی ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق رشی سوناک نے اچھی پیش رفت کی ہے ،اس کے بعد ایک ذریعہ نے بتایا کہ بات چیت مثبت رہی اور مذاکرات جاری رہیں گے کیونکہ دونوں رہنماؤں نے اگلے چند دنوں کے اندر مزید بات چیت کرنے پر اتفاق کیا ہے ،ادھر وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے اگلے ہفتے مشرق وسطیٰ کا طے شدہ دورہ ملتوی کردیاہے جس سے یہ توقعات پیداہوئی ہیں کہ برطانیہ اور برسلز کی جانب سے معاہدے کا اعلان چند دن میں کردیاجائے گا لیکن نمبر 10 ،ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کے بیک بینچرز کے درمیان کھینچا تانی کے سبب گزشتہ ہفتے اس میں بار بار تاخیر کی گئی۔ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی کے ایک ذریعے کا کہناہے کہ جمعہ کو وزیراعظم کے ساتھ ان کے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے اور اختتام ہفتہ بھی ان کی کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔رشی سوناک اس ڈیل کے حوالے سے ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی کی حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ پارٹی فی الوقت شمالی آئرلینڈ میں حکومت کے قیام کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔وزیراعظم کو شمالی آئرلینڈ کی جانب سے یورپی یونین کے بعض قوانین پر عمل کے مسئلے پر کنزرویٹو پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے بھی دباؤ کا سامنا ہے۔

 

Related Articles