کانگو: نقصان پہنچانے والوں کو معاف کر دیں، دس لاکھ کے اجتماع سے پوپ کا خطاب

مشرقی کانگو،فروری۔پوپ فرانسس نے ، جو ان دنوں وسطی افریقہ کے دورے پر ہیں، بدھ کے روز جمہوریہ کانگو میں تقریباً دس لاکھ افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عقیدت مندوں پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کو معاف کر دیں جنہوں نے انہیں نقصان پہنچایا ہے۔پوپ امن اور مفاہمت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کانگو کے دورے پر ہیں جہاں کئی دہائیوں سے تشدد جاری ہے جس سے آبادی کا ایک بڑا حصہ متاثر ہواہے۔انہوں نے اپنی تقریر میں لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے دلوں کو معاف کرنے کے لیے کھول دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معافی امن کا راستہ بن جاتی ہے۔پوپ فرانسس نے منگل کو کانگو کے دارالحکومت کنشاسا پہنچنے کے بعد اپنی پہلی رات اینڈولو کے ہوائی اڈے پر گزاری۔ ان کے کنشاسا پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا جس میں ہر عمر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔منگل کو اپنے خطاب میں پوپ نے غیرملکی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ افریقہ کی معدنی اور قدرتی دولت کی صدیوں سے جاری لوٹ گھسوٹ روک دیں۔اپنے اس دورے میں پوپ شمالی کیوو کے صوبائی دارالحکومت گوما جانا چاہتے تھے مگر وہاں لڑائیوں کی وجہ سے انہیں اپنا ارادہ ترک کرنا پڑا۔ ملک کے اس حصے میں تشدد کی کارروائیوں سے تقریباً 57 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور عالمی ادارہ خوراک کے مطابق اس خطے میں لگ بھگ دو کروڑ 64 لاکھ افراد انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔مشرقی کانگو کی لڑائیوں میں 120 سے زیادہ مسلح گروپ ملوث ہیں۔ باغیوں کا کئی علاقوں پر قبضہ ہیاور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلح گروہوں پر مظالم کرنے کا الزام لگاتی ہیں۔ویٹیکن کے اعدادوشمار کے مطابق کانگو کی ایک کروڑ سے زیادہ آبادی میں سے تقریباً نصف کیتھولک ہیں۔

Related Articles