تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں قبائلیوں کی جاترا کا آغاز
حیدرآباد,جنوری۔تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے کیسلاپور گاوں میں قبائلیوں کی بڑی ناگوباجاترا کا آغاز ہوا۔ہر سال یہ جاترامنعقد ہوتی ہے۔اس جاترا کے دوران دریائے گوداوری میں پانی میں پوجا کی جاتی ہے۔متحدہ عادل آباد ضلع سے ہی نہیں بلکہ ورنگل، نظام آباد، کریم نگر، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ سے بھی کئی قبائلی اس روایتی جاترا میں حصہ لیتے ہیں۔ یہ جاترا 28 جنوری تک جاری رہے گی۔ مرکزی قبائلی امور کے وزیر ارجن منڈا اس ماہ کی 22 تاریخ کوناگوبا جاترا میں شرکت کریں گے جبکہ وزیر قبائلی بہبود ستیہ وتی راتھوڑ،وزیرانڈومنٹ اندراکرن ریڈی، بی آرایس کی رکن کونسل کے کویتا24جنوری کو اس جاترا میں شرکت کریں گے۔اس جاترا کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔آرٹی سی کی جانب سے اس جاترا میں شرکت کرنے والوں کی سہولت کے لئے خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں۔ یہ خصوصی بسیں آج سے نرمل، اوٹنور، آصف آباد، منچریال اور عادل آباد ڈپو سے چلائی جارہی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے علیحدہ میڈیکل کیمپس لگائے جارہے ہیں۔