ماریون بائیوٹیک کے احاطے سے نمونے لیے گئے
نئی دہلی، دسمبر۔ازبکستان میں کھانسی کی آلودہ دوا کی سپلائی کے سلسلے میں دوائی کے نمونے اتر پردیش کے نوئیڈا میں واقع کمپنی ماریون بائیوٹیک کے احاطے سے لیے گئے ہیں۔مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ مانڈویہ نے جمعرات کو اس معاملے میں ٹویٹ کیا کہ سینٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او) [ازبکستان] کھانسی کی آلودہ دوا کی فراہمی کے معاملے میں ڈرگ ریگولیٹر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ سی ڈی ایس سی او 27 دسمبر سے اس معاملہ پر ازبکستان کے نیشنل ڈرگ ریگولیٹر کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہے۔وزارت نے کہا کہ اطلاع ملنے کے فوراً بعد اتر پردیش ڈرگ کنٹرولر اور سی ڈی ایس سی او کی ٹیم نے مینوفیکچرر ماریون بائیوٹیک کے نوئیڈا پلانٹ کا مشترکہ معائنہ کیا۔ وزارت نے کہا کہ معائنہ رپورٹ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔وزارت نے بتایا کہ کھانسی کے شربت کے نمونے کمپنی کے احاطے سے جمع کیے گئے ہیں اور تفصیلی جانچ کے لیے ریجنل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری (آر ڈی ٹی ایل) چنڈی گڑھ کو بھیجے گئے ہیں۔ ماریون بائیوٹیک ایک لائسنس یافتہ مینوفیکچرر ہے۔ اتر پردیش ڈرگ کنٹرولر سے "ڈاک 1 میکس” کھانسی کا شربت اور ٹیبلٹ برآمد کرنے کے لیے تیار کرنے کے لیے لائسنس ملا ہے۔