یورپی یونین کا روس کے خلاف 9 ویں پابندی پیکیج کا اعلان
برسلز ،دسمبر ۔ یورپی یونین نے روس کے خلاف 9 ویں پابندی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ یورپی یونین کمیشن کی سربراہ اْرسولا وان ڈر لیئن نے کہا ہے کہ روس یوکرین میں موت اور تباہیاں پھیلانا جاری رکھے ہوئے ہے اور روس، شہریوں اور انفراسٹرکچر کو ہدف بنا کر، موسمِ سرما کے دوران یوکرین میں زندگی کو قصداً مفلوج کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم یوکرین کی حمایت جاری کھیں گے۔ اس وقت ہمارے نافذ کردہ آٹھ پابندی پیکیج روس پر دباؤ میں ا ضافہ کر رہے ہیں۔ ہم نے مزید 200 افراد اور اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ فہرست میں مسلح افواج کے عہدے دار، دوما اور فیڈریشن کونسل کے اراکین، وزراء اور کثیر تعداد میں سیاست دان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یوکرینی بچوں کو اغوا کر کے روس پہنچانے والوں اور یوکرینی زرعی مصنوعات چْرانے والوں کی بھی فہرست بنا لی گئی ہے۔ ہم روس کے علاقائی ترقیاتی بینک پر پابندیاں لگائیں گے اس کے علاوہ ہم نے مزید 3 روسی بینکوں پر بھی پابندیاں لگانے کی تجویز پیش کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد روس کے صدر ولادی میر پوتن کے مالی امکانات کو ختم کرنا ہے۔ ہم روس کی ہر طرح کے ڈرون طیاروں تک رسائی کو منقطع کر دیں گے۔ ہم ،روس یا پھر ایران جیسے روس کے مددگار ممالک کے لئے ، ڈرون موٹروں کی برآمد ممنوع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 4 روسی چینلوں کی نشریات بند کر دی جائیں گی۔ ہم نے، روس میں نئی معدنیاتی سرمایہ کاری کو ممنوع قرار دینے کے ساتھ ساتھ موجودہ انرجی اور معدنیات سیکٹر پر مزید اقتصادی پابندیوں کی بھی تجویز پیش کی ہے۔