بھوپیندر پٹیل نے گورنر کو استعفیٰ سونپا
گاندھی نگر، دسمبر۔گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے اپنے کابینہ کے وزراء کے ساتھ جمعہ کو ریاست کے گورنر آچاریہ دیوورت کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔مسٹر پٹیل نے کابینی وزراء کے ساتھ آج یہاں گورنر دیوورت سے ملاقات کی اور ریاستی کابینہ کے ساتھ اپنا استعفیٰ نامہ سونپا۔ انہوں نے کابینہ کی طرف سے ملنے والے تعاون پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔گورنر مسٹر دیوورت نے انہیں اسمبلی انتخابات میں ان کی جیت پر مبارکباد دی اور مسٹر پٹیل سے کہا کہ وہ کابینہ کے ساتھ اس وقت تک برقرار رہیں جب تک کہ دیگر انتظامات نہیں ہو جاتے۔ وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نئی حکومت کی تشکیل اور آئندہ انتظامات ہونے تک قائم مقام وزیراعلیٰ رہیں گے۔ گجرات بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل نے کل بتایا تھا کہ گجرات کے وزیر اعلیٰ 12 دسمبر کو دوپہر 2 بجے حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب گاندھی نگر ہیلی پیڈ گراؤنڈ میں ہوگی۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ شرکت کریں گے۔182 رکنی ریاستی اسمبلی میں گزشتہ 27 برسوں سے حکومت کرنے والی بی جے پی نے اس بار 156 نشستیں حاصل کی ہیں۔ جبکہ انڈین نیشنل کانگریس کو 17 اور آزاد امیدواروں کو تین سیٹیں ملیں۔عام آدمی پارٹی اور سماج وادی پارٹی نے بالترتیب پانچ اور ایک سیٹ کے ساتھ اپنا کھاتہ کھولا ہے۔