ممتا بنرجی کا سندربن ضلع کی تشکیل کا اعلان
کلکتہ،نومبر۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج سندربن کو باضابطہ ضلع بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ممتا بنرجی نے سندر بن میں منعقد ایک تقریب میں کہا کہ یہاں کے مقامی لوگوں کو ضلع ہیڈ کوارٹر دور ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگوں کیلئے علاج کرانے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے۔اس لئے میں نے سندر بن ضلع بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی آج سے سندربن کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ ممتا منگل کی صبح ڈمرجولا ہیلی پیڈ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بشیرہاٹ پولیس ضلع کے شمشیر نگر ہیلی پیڈ گراؤنڈ پہنچیں۔ اس کے بعد اسپورٹس گراؤنڈ میں ایک میٹنگ میں شرکت کی۔ اس کے بعد بن بی بی مندر میں ساڑھی، دھوتی، ہار، میٹھے پھلوں کے ساتھ پوجا کیا۔وزیراعلیٰ نے بی بی مندرکی تزئین کاری کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب مندر کا کام مکمل ہوجائے گا تو وہ دوبارہ آئیں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں پانی کی مشکلات ہے۔اس لئے ہم جلد سے جلد پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔سیاحت کی صنعت کی ترقی کے لیے انہوں نے علاقے میں ہوم اسٹے کی تعمیر کی ہدایت دی۔ ممتا بنرجی نے سندربن میں ایک کے بعد ایک ڈیم کے انہدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس علاقے کے دریاؤں پر ڈیم بنانے پر کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں۔ میں سندربن ماسٹر پلان کے ساتھ ایک منصوبہ مرکز کو بھیج رہی ہوں۔ممتا نے اس مہینے کی شروعات میں ندیا ضلع کا دورہ کرتے ہوئے ریاست میں دو نئے اضلاع بنانے کا اعلان کیا۔ سندربن میں شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ کے 19 بلاکس ہیں۔ جن میں سے 13 بلاکس جنوبی 24 پرگنہ میں ہیں۔ اور ان 13 بلاکوں کے ساتھ سندربن ضلع بنے گا۔ دوسری طرف شمالی 24 پرگنہ کے باقی چھ بلاکس کے ساتھ بشیرہاٹ ضلع بنایا جائے گا۔آبادی اور رقبہ کے نقطہ نظر سے 24 پرگنہ کے دو سندربن علاقوں پر علاحدہ ضلع بنانے پر کافی دنوں سے غور کیا جارہا تھا۔ شمالی 24 پرگنہ کے بشیرہاٹ سب ڈویژن کا کچھ حصہ ضلع ہیڈکوارٹر باراسات سے کافی دور ہے۔ بشیرہاٹ کے سندربن حصے کے لوگوں کو مختلف انتظامی کاموں کے لیے ضلع ہیڈکوارٹر جانا پڑتا ہے۔ جنوبی 24 پرگنہ میں بھی یہی مسئلہ ہے۔جنوبی 24 پرگنہ کو کچھ سال پہلے تین پولیس اضلاع میں تقسیم کیا گیا تھا – باروئی پور، ڈائمنڈ ہاربر اور سندربن۔ سندربن پولیس ضلع کا ہیڈ کوارٹرکاکدیپ،ساگرنم خانہ، پاتھر پرتیما کے مختلف تھانوں کے ساتھ تشکیل دیا گیا تھا۔ سندربن کا ایک بڑا حصہ، بشمول گوسابا، بسنتی، کلتلی، باروئی پور پولیس ضلع کے اندر آتا ہے۔ اب نئے ضلع سندربن بن جانے سے لوگوں کی مشکلات ختم ہوجائے گی۔