سری لنکائی بحریہ نے 14 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا

ناگاپٹنم (تمل ناڈو) 17 نومبر۔سری لنکائی بحریہ نے بدھ کی رات دیر گئے 14 ہندوستانی ماہی گیروں کو بین الاقوامی میری ٹائم باؤنڈری لائن (آئی ایم بی ایل) کی خلاف ورزی کرنے اور اس کے علاقائی پانیوں میں غیر قانونی شکار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا اور ایک ماہی گیری کی کشتی کو ضبط کرلیا۔سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ یہ ماہی گیر ناگاپٹنم، پڈوکوٹائی اور کرائیکل اضلاع کے رہائشی ہیں۔ وہ کل صبح کرائیکل بندرگاہ سے مشینی ماہی گیری کی کشتی میں سمندر گئے تھے۔ سری لنکا کی بحریہ نے انہیں اس وقت گرفتار کیا جب وہ سری لنکا کے علاقائی پانیوں کے قریب آئی ایم بی ایل کے قریب مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔تاہم، سری لنکائی بحریہ کے ایک بیان کے مطابق اس نے ایک خصوصی آپریشن کیا، جس میں 14 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا اور جافنا کے وتھتھلکرنی میں مامونئی کے قریب سری لنکا کے پانیوں میں ایک ہندوستانی کشتی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ضبط شدہ کشتی اور 14 گرفتار ہندوستانی ماہی گیروں کو کنکیسنتھورائی بندرگاہ لایا گیا اور انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے جافنا میں میلادی فشریز آفس کے حوالے کیا جائے گا۔سری لنکائی بحریہ نے اس سال اب تک 228 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے اور 30 ​​ماہی گیری کی کشتیاں ضبط کی ہیں۔

Related Articles