جے شنکر نے ممبئی حملے کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا

ممبئی، اکتوبر۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعہ کو کہا کہ ممبئی میں 26/11 کے حملوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور یہ کہ صرف ممبئی پر حملہ نہیں تھا، یہ بین الاقوامی برادری پر حملہ تھا۔ ڈاکٹر جے شنکر نے یہ باتیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دو روزہ انسداد دہشت گردی میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے کہی اور ممبئی حملے کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ممبئی کے تاج ہوٹل پر 26/11 کے دلخراش دہشت گردانہ حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے اور یہ حملہ صرف ممبئی پر نہیں تھا بلکہ عالمی برادری پر حملہ تھا۔ اس حملے میں 18 پولیس اہلکار، تاج ہوٹل کے 12 ملازمین اور سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی کے دوران شہید ہوئے۔ ہم ان کی بہادری اور عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔اقوام متحدہ کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ ہمیں مل کر یہ پیغام دینا چاہیے کہ ہم دہشت گردوں کو جوابدہ ٹھہرانے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 26/11 کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

Related Articles