غریبوں کا پیسہ کھانے والوں کو سرکاری ملازمت میں رہنے کا کوئی حق نہیں: وزیر اعلی

بھوپال، اکتوبر۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے معاملے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ غریبوں کا پیسہ کھانے والوں کو سرکاری ملازمت میں رہنے کا حق نہیں۔ انہیں ملازمت سے برخاست کردیا جائے۔سرکاری معلومات کے مطابق مسٹر شیوراج چوہان آج صبح کی میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ضلع ریوا کا جائزہ لے رہے تھے۔ سابق وزیر راجندر شکلا، ایم پی جناردن مشرا، چیف سکریٹری اقبال سنگھ بینس، مختلف محکموں کے پرنسپل سکریٹریز اور ضلع ریوا کے ایم ایل اے اور افسران شخصی طور پر اس میٹنگ میں شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت مدھیہ پردیش کے یوم تاسیس پر عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں میں بہتر کارکردگی پیش کرنے والے افسران اور ملازمین کو اعزاز سے نوازے گی۔ ریاست کے لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے کے مقصد سے ترقیاتی اور عوامی بہبود کی سرگرمیاں بڑے پیمانے پر چل رہی ہیں۔ عوامی نمائندے، انتظامی افسران اور ملازمین ٹیم اسپرٹ سے کام کرکے آئیڈیل پیش کریں۔مسٹر شیوراج چوہان نے کہا کہ چیف منسٹر پبلک سروس اسکیم کا مقصد یہ ہے کہ عام آدمی کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہئے۔ ہر اہل شخص کو اسکیموں کا فائدہ بر وقت اور آسانی سے ملنا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کِلکاری ابھیان کے تحت ہائی رسک والی حاملہ خواتین کو درج کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ سافٹ ویئر کا استعمال کیا جا رہا ہے اور ان کی ضروری صحت کی جانچ اور ضروری مشورے بروقت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ابھی تک صرف 32 فیصد گھرانوں کو ہی جل جیون مشن کے تحت گھریلو نل کے کنکشن دیئے گئے ہیں اور کلکٹر سے صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں ، جن میں بتایا گیا کہ کام کے ناقص معیار کی وجہ سے متعلقہ ٹھیکیدار پر 9 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔مسٹر شیوراج چوہان نے کہا کہ ضلع میں سرکاری کام زیادہ ہے اور عملہ کی کمی ہے۔ کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے دیگر ٹیکنیکل ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین سے بھی تعاون لیا جائے۔ افسران گاؤں جا کر معائنہ کریں، کام کے معیار کو جانچیں۔ مشن کی سرگرمیوں میں عوامی نمائندوں کو شامل کرکے عوامی شرکت سے انہیں مکمل کیا جائے۔ اس اہم منصوبے میں ہمیں ہر گھر تک پانی پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ پردھان منتری آواس یوجنا کی رقم کے غلط استعمال پر نظر رکھیں۔ انہوں نے پہلے مرحلے کے منظور شدہ مکانات کی تعمیر اب تک مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت غیر معقول رقم کا مطالبہ کرنے والے ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ بتایا گیا کہ سی ایم ہیلپ لائن پر غیر معقول رقم کی مانگ کے حوالے سے 696 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ضلع کے 14 ویلج ایمپلائمنٹ اسسٹنٹس کو عہدے سے برخاست کر دیا گیا ہے اور 300 ایمپلائمنٹ اسسٹنٹس کا ایک ہفتہ کا بھتہ کاٹا گیا ہے۔ ضلع میں قدرتی کاشتکاری کے لیے 1500 کسان سرگرم ہیں اور جوار اور کونڈو کے رقبہ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے اور عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ اپنی متعلقہ زراعتی زمین کے ایک حصے میں قدرتی کاشتکاری سے پیداوار لیں، اس سے ضلع کے دیگر کسانوں کو قدرتی کھیتی کو اپنانے کی ترغیب ملے گی۔ بتایا گیا کہ چیف منسٹر پبلک سروس اسکیم کے تحت ضلع میں موصول ہونے والی 2 لاکھ درخواستوں میں سے 1 لاکھ 93 ہزار درخواست دہندگان کو فوائد فراہم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم میں بے ضابطگیوں پر 10 ایف آئی آر اور 2 بلیک مارکیٹنگ کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 4 دکانداروں کا سروس سے رابطہ منقطع کر دیا گیا انہوں نے ریوا کے ہنومان علاقہ میں بجلی کا جعلی کنکشن دینے والے سب انجینئر کو معطل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بجلی کی فراہمی سے متعلق 10 ہزار 416 شکایات موصول ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ موسم کے مطابق ڈیمانڈ اور اوورلوڈ کا پیشگی اندازہ کرتے ہوئے بروقت ضروری انتظامات کرے۔ لوگوں کو بجلی کے استعمال اور بروقت بل کی ادائیگی کے حوالے سے آگاہی کے لیے مہم چلائی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ضلع میں جاری تعمیراتی کاموں میں معیار کو یقینی بنایا جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

Related Articles