انتظامیہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدام کر رہی ہے: منوج سنہا

جموں، ستمبر۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ انتظامیہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے سخت اقدام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر سے اس وبا کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے سب لوگوں کو انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نشہ مکت جموں وکشمیر مہم کے تحت نکالی جانی والی ایک ریلی کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس اور متعلقہ محکمہ یونین ٹریٹری کو نشہ مکت بنانے کے لئے مہم چلا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس بدعت کی بیخ کنی کے لئے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ سماج کے معزز شہریوں، صحافیوں کو بھی ہاتھ بٹانا ہے۔مسٹر سنہا نے کہا کہ سماج سے نشے کی بدعت کے قلع قمع کے لئے ہم سب کو ایک ہو کر کام کرنا ہوگا تب ہم جموں وکشمیر کو نشہ مکت بنا سکتے ہیں۔پاکستان کی طرف سے ڈورن کے ذریعے منشیات ڈالنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ وہ اس طرح کی حرکتیں نہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے کھیپوں کو ضبط کیا جا رہا ہے اور سیکورٹی فورسز ایسی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے مستعد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سماج کو نشے سے پاک کرنے کے لئے طرح طرح کے اقدام کئے جا رہے ہیں اور جو نوجوان اس لت میں پڑ گئے ہیں ان کی باز آباد کاری کے لئے بھی اقدام کئے جا رہے ہیں۔

Related Articles