نیویارک: سلمان رشدی پر چاقو حملہ کرنے والا ملزم گرفتار
نیویارک،اگست۔نیویارک پولیس نے متنازع مصنف سلمان رشدی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے نوجوان کو جمعہ ہی کے روز گرفتار کر لیا تھا۔ ملزم نے سلمان رشدی پر ایک تقریب کے دوران چاقو سے کئی وار کیے تھے جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔سنہ 1980ء کی دھائی میں ’شیطانی آیات‘ کے عنوان سے متنازع کتاب لکھنے پر عالم اسلام کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔ اس وقت ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خمینی نے رشدی کے قتل کے حق میں فتویٰ صادر کیا اور قتل پر خطیر رقم کا انعام بھی رکھا تھا۔رشدی کو قتل کی دھمکیاں تو ملتی رہی ہیں مگر کل جمعہ کو ان پر نیویارک میں اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ایک تقریب میں شریک تھے۔شاتاقوا انسٹی ٹیوٹ میں ایک شخص کو پوڈیم کی طرف دوڑتے دیکھا گیا جو بعد میں رشدی پر پل پڑا۔ حملہ آور سامعین میں موجود تھا اور اس نے وہاں سے اٹھ کر رشدی پر حملہ کر دیا۔