الہ آباد ہائی کورٹ نے یو پی پی سی ایس امتحان2021 کے نتائج کو خارج کیا

پریاگ راج:اگست۔الہ آباد ہائی کورٹ نے اترپردیش پبلک سروس کمیشن(یوپی پی سی ایس) کی سول سروس ابتدائی امتحان۔2021 کے نتائج کو خارج کرتے ہوئے اس میں سابق فوجیوں کو پانچ فیصدی ریزرویشن کو یقینی بناتے ہوئے دوبارہ میرٹ لسٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کمیشن کو اس کے لئے ایک مہینے کا وقت دیا ہے۔عدالت نے پی سی ایم امتحان۔2021 میں سابق فوجیوں کو پانچ فیصدی ریزرویشن کا فائدہ دینے سے متعلق ایک عرضی پر سماعت کے بعد ابتدائی امتحانی نتائج کو منسو خ کرنے کا حکم دیا ہے۔ملحوظ رہے کہ پی سی ایس۔2021 کے مین امتحان کا رزلٹ 12جولائی کو آیا تھا اور اس امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا 21جولائی سے انٹرویو راونڈ شروع ہوچکا ہے۔اسی درمیان الہ آباد ہائی کورٹ نے اس امتحان کے ابتدائی نتائج کو ہی منسوخ کرتے ہوئے سابق فوجیوں کو 5فیصدی ریزرویشن کویقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے دوبارہ میرٹ لسٹ جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔عدالت کے اس فیصلے سے ابھی تک کی ساری کاروائی کالعدم ہوگئی ہے۔جسٹس سنگیتا چندرا نے اپنے آرڈر میں کہا کمیشن کے ذریعہ سابق فوجیوں کو 5فیصدی ریزرویشن دئیے بغیر اعلان کئے گئے پی سی ایم2021 کے نتائج غلطی پر مبنی ہیں اور انہیں منسوخ کیا جاتا ہے۔ساتھ ہی اس بات کی ہدایت دی جاتی ہے کہ پی سی ایس کے ابتدائی امتحان کے نتائج کی میرٹ لسٹ دوبارہ جاری کریں جس میں گروپ بی اور گروپ سی میں سابق فوجیوں کو 5فیصدی ریزرویشن یقینی بنایا جاسکے۔عدالت نے یہ آرڈر 4ریٹائرڈ جونیئر کمشن افسران کے ذریعہ داخل رٹ پٹیشن پر سماعت کے بعد منگل کو دیا۔عرضی گذاروں نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ وہ سکریٹریز کے ذریعہ کمیشن کو اس بات کی ہدایت دی جائے کہ وہ سابق فوجیوں کے 5فیصدی ریزرویشن کو یقینی بنائیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کمیشن کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ترمیم شدہ نتائج کا علان کرنے کے ایک مہینے کے اندر کامیاب امیدواروں کے لئے مین امتحان منعقد کئے جائیں۔قابل ذکر ہے کہ پی سی ایس امتحان کی پہلے سے طے شدہ پالیسی کے مطابق گروپ بی اور گروپ سی کے عہدوں پر سابق فوجیوں کو ریزرویشن کا فائدہ دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد مین امتحان میں گروپ بی کے پانچ فیصدی عہدے سابق فوجیوں کے لئےمحفوظ رہتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ یو پی پی سی ایس نے پی سی ایس(ابتدائی)امتحان۔2021 کے نتائج کا اعلان یکم دسمبر 2021 کو کیا تھا جس میں 7688 امیدواروں کامیاب قرار دئیے گئے تھے۔ابتدائی امتحان کے لئے مجموعی طور سے 691173امیدواروں نے اپنا رجسٹریشن کرایا تھا جس میں سے 321273امیدواروں نے امتحان دیا تھا۔یہ امتحان 24اکتوبر 2021 کو ریاست کے 31اضلاع میں بنائے گئے امتحان مراکز پر منعقد ہوا تھا۔وہیں پی سی ایس (مین)2021 کا امتحان 23تا27مارچ 2022 کے درمیان لکھنؤ، پریاگ راج اور غازی آباد میں منعقد ہواتھا جس میں کل 5957امیدواروں نے شرکت کی تھی۔اس مین امتحان کے نتائج کا اعلان گذشتہ مہینے 12جولائی کو کیا گیا تھا جس میں 623اسامیوں کے لئے مجموعی طور سے کل 1285امیدوار کامیاب قرار دئیے گئے تھے۔اور اب 21جولائی سے انٹروویو کا دور شروع ہوا تھا۔

Related Articles