عام آدمی پارٹی نے یشونت سنہا کی حمایت کا اعلان کیا
نئی دہلی، جولائی۔عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔اس کا اعلان کرتے ہوئے سینئر اے اے پی لیڈر سنجے سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ اے اے پی اپوزیشن کے صدارتی امیدوار یشونت سنہا کی حمایت کرے گی۔ ہم دروپدی مرمو کا احترام کرتے ہیں، لیکن ہم یشونت سنہا کو ووٹ دیں گے۔پارٹی کی سیاسی مشاورتی کمیٹی (پی اے سی) کے آج ہونے والے اجلاس میں صدارتی انتخاب میں امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ پیر کو ہوگی۔ اس میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس سے دروپدی مرمو کو میدان میں اتارا گیا ہے جبکہ اپوزیشن نے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کو میدان میں اتارا ہے۔