بہرائچ:کار۔بس کی ٹکر ، ایک کی موت،13زخمی
بہرائچ:جولائی۔دہلی سے مسافروں کو لے کر اترپردیش کے ضلع بہرائچ آرہی ایک بس اور کار کے درمیان جمعرات کی صبح ٹکر ہونے کے بعد بس سڑک کنارے کھائی پلٹ گئی۔ حادثے میں ایک کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 13افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے زخمیوں کو بس اور کار سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔پولیس کے مطابق دہلی کے کشمیری گیٹ واقع کیشوپور سبزی منڈی سے ڈبل ڈیکر بس مسافروں کو لے کر بہرائچ کے لئے کل رات روانہ ہوئی۔ یہ بس جمعرات کی صبح ضلع کے جرول روڈ تھانہ علاقے میں گھاگھرا گھاٹ ہائی وے پر پانی ٹنکی کے نزدیک پہنچی تبھی بہرائچ کی جانب سے آرہی ایک کار سے بس ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد ڈبل ڈیکر بس گڑھے میں پلٹ گئی۔اطلاع ملنے کے بعد تھانہ انچارج راجیش کمار سنگھ پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ حادثے میں کار سوار اشوک کمار(30)ولد پرکاش یادو کی موت ہوگئی۔جبکہ جیتندر کمار چودھری ولد جسونت باشندہ بدنپور گنیش پور بارہ بنکی اور بس مسافروں سمیت 13افراد زخمی ہوگئے۔ان میں دو زخمیوں کی حالت نازک ہونےپر انہیں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ پولیس کے مطابق بس میں 60تا70مسافر سوار تھے۔ بس میں بہرائچ۔شراوستی کے مسافر سوار تھے۔