پٹنہ سول کورٹ احاطہ میں دھماکہ ، کئی زخمی
پٹنہ ،جولائی ۔ پٹنہ سول کورٹ میں سائنسی تحقیقات کیلئے بھیجنے کیلئے لائے گئے دھماکہ خیزمواد میںجمعہ کو دھماکہ ہونے سے پولیس اہلکار سمیت تین لوگ زخمی ہوگئے ۔ پٹنہ سول کورٹ احاطہ واقع ضلع پراسیکیوشن دفتر میں ہوئے زبردست دھماکے کے بعد چاروں طرف افرا تفری مچ گئی ۔ دھماکے میں ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت کئی لوگ زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق کدم کنواں تھانہ کے پولیس سب انسپکٹر اوما شنکر رائے کدم کنواں تھانہ کیس نمبر 324/2022 ضبط دھماکہ خیز اشیاءکو سائنسی تحقیقات کیلئے کورٹ سے اجازت لینے آئے تھے ۔ اس سلسلے میں درخواست پر آگے کی کاروائی کیلئے ضلع پراسیکیوشن آفس گئے تھے تبھی دھماکہ ہو گیا ۔ واقعہ کے بعد زخمی پولیس اہلکار کو علاج کیلئے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال بھیجا گیا جبکہ دیگر کو معمولی زخم آئے ہیں ۔ معمولی طور سے زخمیوں میں ایک خاتون اسسٹنٹ پراسیکیوشن افسر شامل ہیں۔ کورٹ میں کام کا وقت ہونے کی وجہ سے ضلع پراسکیوشن دفتر میں پراسیکیوشن افسر نہ کے برابر تھے ۔