جموں وکشمیر میں کورونا کی اونچی اڑان

ایک دن میں 94 افراد کی رپورٹ مثبت

سری نگر، جولائی ۔ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں جمعے کے روز مزید 94 مریضوں کی رپورٹ مثبت آنے کے ساتھ ہی ایکٹیو کیسز کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے ۔ دریں اثنا عوام الناس کی جانب سے کووڈ رہنما اصولوں پر عمل نہ کرنے پر طبی ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران یومیہ کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں جمعے کے روز مزید 94 مریضوں کی رپورٹ مثبت آئی ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے جموں سے 62 اور کشمیر میں 32افراد میں وائرس کی تشخیص پائی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق جموں ضلع میں جمعے کے روز 51افراد کی رپورٹ مثبت آئی، سری نگر میں 19، کپواڑہ میں 13، سانبہ میں چار ، کٹھوعہ میں تین، راجوری میں دو ، اُدھم پور میں ایک رام بن میں ایک شخص کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یومیہ کیسز میں لگاتار اضافے کے باعث جموں وکشمیر میں اس وقت کورونا کے پانچ سو ایکٹیو کیسز ہیں۔ اُن کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران 42 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ دریں اثنا طبی ماہرین نے بتایا کہ کووڈ رہنما اصولوں پر عملدرآمد نہ کرنے کے باعث یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر لوگوں نے ایس او پز پر من وعن عمل نہیں کیا تو وائرس بے قابو ہو سکتا ہے جس پر پھر قابو پانا ڈاکٹروں کے لئے بھی مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔

 

Related Articles