گورنر نے رابندر بھارتی یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر مقرر کردیا۔حکومت ناراض
کلکتہ ،جون۔ ریاستی حکومت نے حال ہی میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ریاست کی تمام یونیورسٹیوں کا چانسلر مقرر کرنے کے لیے اسمبلی میں ایک بل پاس کیا ہے۔ وہ بل اب بھی گورنر کے دستخط کا منتظر ہے۔ دریں اثنا گورنر جگدیپ دھنکھر نے رابندر بھارتی یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر مقرر کرکے ایک نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔ گورنر نے پروفیسر مہوا مکھرجی کو رابندر بھارتی کا نیا وائس چانسلر مقرر کیا ہے۔ گورنر نے خود اس کی اطلاع ٹویٹ کرکے دی ہے۔ تاہم ترنمول کانگریس نے گورنر کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غیر آئینی ہے۔ تاہم گورنر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے یہ تقرری سرچ کمیٹی کی سفارش کے بعد کی ہے۔ گورنر نے ابھی تک ریاستی حکومت کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو ریاست کی تمام یونیورسٹیوں کا چانسلر مقرر کرنے کے لیے منظور کیے گئے بل پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ نتیجتاً یہ بل ابھی تک قانون نہیں بن سکا اس لیے قانونی طور پر گورنر اب بھی ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر ہیں۔ مہوا مکھرجی رابندر بھارتی یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے انہیں اس کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔تاہم ترنمول کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر کا اعلان غیر اخلاقی ہے۔ ترنمول کے ترجمان کنال گھوش نے کہاکہ گورنر غیر اخلاقی کام کر رہے ہیں۔راج بھون اب بی جے پی دفتر میں تبدیل ہوچکا ہے.