کھیلوں کی سہولیات سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا: کھٹر
چنڈی گڑھ، جون ۔ ریاست کے کھلاڑیوں کو ہریانہ میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے لیے پنچکولہ، انبالہ اور شاہ آباد میں بین الاقوامی سطح کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات سے بہت فائدہ پہنچے گا۔اس کے علاوہ پنچکولہ کے تاؤ دیوی لال اسٹیڈیم کو بھی سنوارا گیا ہے۔ یہاں بھی بین الاقوامی سطح کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں، جس سے ریاست میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کو فروغ دینے اور کھیلوں کے بڑے ایونٹس میں مدد ملے گی۔وزیراعلی منوہر لال کھٹر نے آج یہاں کہا کہ ہریانہ نے کھیلوں کے شعبوں میں ایک الگ پہچان بنائی ہے۔ ریاستی حکومت کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ کھلاڑیوں نے کئی بار قومی اور بین الاقوامی سطح پر تمغے جیت کر ثابت کیا ہے کہ اگر انہیں موقع ملے اور صحیح رہنمائی ملے تو وہ ملک کے لیے ایک نہیں کئی تمغے جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے پر تقریباً 150 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔ ہریانہ میں کھیلوں کا ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اسے پروان چڑھانے کی ضرورت ہے جس میں یہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات اہم کردار ادا کریں گی۔کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے لیے تاؤ دیوی لال اسٹیڈیم، پنچکولہ میں ایک نیا 400 میٹر کا مصنوعی ایتھلیٹکس ٹریک اور وارم اپ سنتھیٹک ایتھلیٹکس ٹریک بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فٹبال گراؤنڈ اور آسٹروٹروف ہاکی گراؤنڈ بنایا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں تین کثیر المقاصد ہال اور ایک بیڈمنٹن ہال کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ مارکندیشور ہاکی اسٹیڈیم شاہ آباد کے ہاکی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ اسی طرح انبالہ میں بین الاقوامی معیار کا اولمپک سائز کا ہر موسم کا سوئمنگ پول بنایا گیا ہے۔ یہاں جمنازیم ہال اور فٹ بال گراؤنڈ کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ہریانہ میں 4 سے 13 جون تک کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پنچکولہ میں انیس، چنڈی گڑھ دو، انبالہ دو، شاہ آباد میں ایک اور دہلی میں دو کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان گیمز میں 8500 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔