کے کے کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی ہے:ایس ایس کے ایم اسپتال
کلکتہ ،جون ۔مشہور گلو کار کرشن کمار کنناتھ (کے کے)جن کا کل کلکتہ میں ایک تقریب کے دوران بیمار ہونے کی وجہ سے موت ہوگئی تھی کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد ایس ایس کے ایم کے ڈاکٹروں نے اپنی بنیادی رپورٹ میں کہا ہے کہ گلوکار کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ 72 گھنٹے کے بعد آئے گی۔منگل کی شام کلکتہ کے نذرل منچ میں گروداس کالج کی دعوت پر موسیقی پرفارم کرنے کے دوران کے کے کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں پروگرام سے جلدی سے ہوٹل پہنچایا گیا مگر رات دس بجے مزید طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں فائیو اسٹار ہوٹل سے ایک پرائیوٹ اسپتال پہنچایا گیا مگر ڈاکٹروں نے انہیں فوراً مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کی اچانک موت کیسے ہوئی۔ گلوکارہ کی لاش رات بھر پرائیوڈ اسپتال میں ہی رکھی گئی تھی۔بدھ کی دوپہر لاش کو ایس ایس کے ایم اسپتال لے جایا گیا۔ وہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے رابندر سدن میں گیت سلامی پیش کی گئی۔ اس کے بعد ان کی لاش کو تابوت میں رکھ کر ممبئی کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔جہاں آخری رسوم کی ادائیگی کی جائے گی۔دوپہر میں ایس ایس کے ایم اسپتال کے میڈیکو لیگل ڈپارٹمنٹ نے کے کے کی لاش کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ کے مطابق کیکے کی موت میں کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی۔ ان کی فطری موت ہوئی ہے۔ تاہم ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ تفصیلی رپورٹ آنے میں 72 گھنٹے لگیں گے۔تاہم اپوزیشن جماعتوں نے کہا ہے کہ کے کے کی موت نذرل منچ پر انتہائی بدانتظامی کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے اس کے لیے حکمراں جماعت کے رہنما اور کلکتہ پولیس کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔دریں اثنا، حکمراں ترنمول کانگریس اور ترنمول کانگریس کی طلبہ تنظیم نے ان الزامات کو ماننے کی تردید کی ہے۔