سابق ریاستی صدر دلیپ گھوش کو میڈیا میں بیانات دینے میں محتاط رہنے کی بی جے پی اعلیٰ قیادت کی ہدایت
کلکتہ،مئی۔ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے پارٹی کے قومی نائب صدر اور بنگال بی جے پی کے سابق ریاستی صدر دلیپ گھوش کو میڈیا میں بیانات دیتے وقت محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہیں ایک خط بھی بھیجا گیا ہے۔ تاہم یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ مرکزی قیادت نے دلیپ گھوش کو متنبہ کیا ہو۔ تاہم وہ متنازع بیانات دینے سے باز نہیں آتے ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق خط میں سابقہ مسائل کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یہ خط بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے انہیں لکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق خط میں لکھا ہے کہ ”آپ کو پہلے بھی کئی بار وارننگ دی جا چکی ہے۔ مگرا س پر عمل نہیں کیا گیا۔ آپ کے تبصروں نے ٹیم کی شبیہ کو داغدار کیا ہے۔ آپ ابھی میڈیا میں منہ نہیں کھول سکتے ہیں۔اور اس خط کو لے کر بی جے پی کے اندر پہلے ہی ہنگامہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے میڈیا کے سامنے بارہا دعویٰ کیا تھا کہ پارٹی کے ریاستی صدر کے پاس تجربہ کی کمی ہے۔ دوسری جانب بعد میں انہوں نے بتایا کہ وہ ایسا کیوں کہہ رہے تھے۔ پارٹی کے آل انڈیا صدر جے پی نڈا نے بھی ان سے اس پر جواب طلب کیا تھا۔مگر دلیپ گھوش بیانات دینے کا سلسلہ بند نہیں کیا۔ تاہم اس بار پارٹی اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے اور خط لکھ کر سخت لفظوں میں ہدایات دی گئی ہیں۔مگر بہت دلچسپ ہوگا یہ دیکھنا دلیپ گھوش خود کو کتنا لگام لگاتے ہیں۔