سبز توانائی کی طرف پیش رفت کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹیاں تشکیل دیں: آر کے سنگھ
نئی دہلی، مئی۔بجلی اور قابل تجدید توانائی کے مرکزی وزیر آر کے سنگھ نے 2030 تک اخراج کی شدت میں 45 فیصد تک کمی لانے میں ریاستی حکومتوں کے کردار کو اہم بتاتے ہوئے ریاستی حکومتوں سےتوانائی کی تبدیلی کی ترتیب کے لیے ریاستی سطح کی اسٹیئرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کو کہا ہے۔ سنگھ نے تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیفٹیننٹ گورنرز سے کہا ہے کہ وہ توانائی کے شعبے میں آنے والی تبدیلیوں کے سلسلے کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی سطح کی اسٹیئرنگ کمیٹیاں تشکیل دیں۔ یہ اسٹیئرنگ کمیٹیاں متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں کی صدارت میں کام کریں گی اور بجلی کے محکمے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ، صنعت، رہائش اور شہری امور، زراعت، دیہی ترقی اور عوامی امورکے محکموں کے پرنسپل سیکریٹری اس کے رکن ہوں گے۔ انہوں نے توانائی کی منتقلی کو کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور بین الاقوامی فورمز پر ہندوستان کے وعدوں کو پورا کرنے کا واحد راستہ قرار دیا اور کہا کہ کچھ ریاستیں جیسے آندھرا پردیش، کیرالہ، مدھیہ پردیش اور اتراکھنڈ پہلے ہی ایسی کمیٹیاں تشکیل دے چکے ہیں۔