اسرو کے سیٹلائٹ کو ایرین-5 کرے گا 22 جون کولانچ
چنئی، مئی۔ہندوستان کا مواصلاتی سیٹلائٹ جی سیٹ -24 بائیس جون کو فرینچ گیانا کے کوورو سے ایرین5 خلائی جہاز کی مدد سےلانچ کیا جائے گا۔ اس مواصلاتی سیٹلائٹ کا وزن پانچ ٹن ہے۔ ایرین اسپیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’’نمستے! جی سیٹ-24 میں خوش آمدید۔ ہماری پرواز کا دوسرا مسافر وی اے 257 ۔ یہ سیٹلائٹ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے نیو اسپیس انڈیا لمیٹڈ کے لیے بنایا ہے، یہ سیٹلائٹ 22 جون کو ایرین-5 سے لانچ کیا جائے گا۔ جی سیٹ -24 سیٹلائٹ ٹاٹا پلے (ٹاٹا اسکائی) کے لیے ایک وقف شدہ سیٹلائٹ ہے، جسے ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) خدمات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ نیو اسپیس انڈیا لمیٹڈ (این ایس آئی ایل) کے لیے ایک مکمل طور پر وقف تجارتی سیٹلائٹ ہے، جو ہندوستانی خلائی محکمے کی تجارتی شاخ ہے۔ ایرین اسپیس نے اپنی ویب سائٹ میں کہا کہ این ایس آئی ایل نے اپنے ٹیلی کمیونیکیشن سیٹلائٹ جی سیٹ -24 کو لانچ کرنے اور اسے جی ٹی او مدار میں رکھنے کے لیے ایرین اسپیس کا انتخاب کیا ہے۔ اس سے قبل اس سیٹلائٹ کو اس سال کی پہلی سہ ماہی میں جنوری اور مارچ کے درمیان لانچ کیا جانا تھا۔ یہ 25 واں ہندوستانی سیٹلائٹ ہوگا جسے ایرین اسپیس کی مدد سے خلا میں چھوڑا جائے گا۔ یہ دونوں کمپنیوں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی علامت ہے۔ اس سیٹلائٹ کو جنوری اور مارچ 2022 کے درمیان لانچ کیا جانا تھا۔ جی سیٹ -24 سیٹلائٹ 25 واں ہندوستانی سیٹلائٹ ہوگا، جسے ایرین اسپیس کے ذریعے مدار میں چھوڑا جائے گا۔ ایرین اسپیس کے سی ای او اسٹیفن اسرائیل نے کہا ’’یہ لانچ اسرو اور ایرین اسپیس کی دیرینہ شراکت میں ایک نیا سنگ میل ہے۔ اسرو کے ساتھ یہ شراکت داری 1981 کی ہے جب ایرین -1 نے ایپل سیٹلائٹ کو خلا میں چھوڑا تھا۔ ہم اس نئے آغاز کے بارے میں بہت پرجوش ہیں۔ دونوں کمپنیوں کے درمیان دوہری شراکت داری ہے جس میں کئی یورپی سیٹلائٹس کو ہندوستانی لانچ گاڑیوں کی مدد سے خلا میں لے جایا گیا ہے۔