اعظم خان دو سال بعد ضمانت پرجیل سے رہا

سیتا پور،  مئی۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر اور مختلف فوجداری مقدمات میں 26 ماہ، 24 دن کی جیل میں بند اعظم خان کو جمعہ کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔جیل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو سپریم کورٹ کی طرف سے اعظم کو عبوری ضمانت ملنے کے بعد جیل حکام کو کل دیر رات گئے ان کی رہائی کے احکامات موصول ہوئے تھے۔ اسی بنا پر آج صبح انہیں رہا کر دیا گیا۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اعظم سیتا پور جیل سے رہا ہونے کے بعد رام پور گئے ہیں یا دہلی۔ ایس پی کے رام پور شہر کے ایم ایل اے اور سابق کابینہ وزیر اعظم خان کی سیتا پور جیل سے رہائی کا راستہ کل صاف ہو گیا تھا۔ اعظم خان کی رہائی کے دو آرڈر سیتا پور جیل پہنچنے کے بعدجیسے ہی کچھ کاغذی کارروائی مکمل ہوئی، انہیں آج رہا کر دیا گیا۔اعظم کے وکیل زبیر احمد خان نے بتایا کہ یہ بھی راحت کی بات ہے کہ دشمن کی جائیداد اور تین اسکولوں کی مبینہ جعلی شناخت کے معاملے میں اعظم خان کی ضمانت کا حکم رام پور کی عدالت نے کل ہی جاری کر دیاتھا اور یہ حکم کل دیر رات سیتا پورجیل پہنچ بھی گیا۔سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ٹویٹ کیا اور کہاکہ سینئر ایس پی لیڈر اور ایم ایل اے مسٹر اعظم خان جی کی ضمانت پر رہائی پر ان کا تہہ دل سے خیرمقدم۔ ضمانت کے اس فیصلے سے سپریم کورٹ نے انصاف کو نیا معیار دے دیا ہے۔ پوری امید ہے کہ وہ باقی تمام جھوٹے مقدمات اور معاملات سے بری ہوجائیں گے۔

Related Articles