جوہری جنگ کے خطرات کو کم سے کم رکھنا ہوگا:روس

ماسکو،مئی۔روس اس بات میں یقین رکھتا ہے کہ جوہری جنگ کے خطرات کو کم سے کم رکھا جانا چاہیے اور جوہری طاقتوں کے درمیان کسی بھی مسلح تنازع کو روکا جانا چاہیے۔یہ بات روسی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدہ دار نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہی ہے۔روسی خبررساں ایجنسی تاس کے مطابق وزارت خارجہ کے جوہری عدم پھیلاؤ کے سربراہ ولادی میر یرماکوف نے کہا کہ تمام جوہری طاقتوں کو جوہری جنگ کی روک تھام کے مقصد سے سرکاری دستاویزات میں بیان کردہ منطق پرقائم رہنا چاہیے۔روسی وزیرخارجہ سرگئی لافروف نے گذشتہ پیر کے روز کہا تھا کہ مغرب کو یوکرین پر جوہری تنازع کے بلند خطرات کو کم نہیں سمجھنا چاہیے حالانکہ اس کے بعد امریکا نے کہا کہ اسے یقین نہیں کہ ماسکو کی بیان بازی میں اضافے کے باوجود روس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ ہے۔تاس کے مطابق یرماکوف نے بیان میں مزید کہا کہ سرکردہ جوہری طاقتوں کو مشترکہ طور پرضع کردہ دستاویزات میں درج منطق پر عمل کرنا چاہیے۔وہ جنوری میں روس، چین، برطانیہ، امریکا اور فرانس کی جانب سے شائع شدہ ایک مشترکہ بیان کا حوالہ دے رہے تھے جس میں ان پانچوں ممالک نے،جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ہیں،اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کے مزید پھیلاؤ اور جوہری جنگ سے گریز کیا جانا چاہیے۔ولادی میریرماکوف نے کہا کہ جوہری جنگ کے خطرات کو کبھی نہیں پھیلایا جانا چاہیے اورخاص طور پر جوہری طاقتوں کے درمیان کسی بھی مسلح تنازع کوروکنے کے ذریعے اس خطرے کوکم سے کم رکھنا چاہیے۔ روس اس ضمن میں واضح طور پراسی تفہیم پرعمل پیرا ہے۔

 

Related Articles