گجرات میں قبائلیوں کے مفادات کا نقصان نہیں ہونے دیں گے: کانگریس

نئی دہلی، مارچ۔ کانگریس نے کہا ہے کہ گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت قبائلیوں کے حقوق چھین رہی ہے لیکن کانگریس قبائلیوں کے حقوق کی حفاظت کرے گی اور ان کے ساتھ کھڑے ہوکر ان کے حقوق کی جنگ لڑے گی۔کانگریس کے ترجمان شکتی سنگھ گوہل، ایم پی نارائن بھائی راٹھوا، گجرات کے ایم ایل ایز سکھرام راٹھوا اور اننت پٹیل نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جڑ کے جنگل پر قبائلیوں کا حق ہے۔ قبائلی فطرت کے پرستار ہیں اس لیے پارٹی قبائلیوں کے مفادات کے لیے تحریک جاری رکھے گی۔ قبائلی کا اس زمین پر حق ہے جس پر وہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نرمدا یوجنا میں 18 لاکھ ہیکٹر اراضی کو پانی فراہم کرنے کی بات کی گئی تھی۔ اس اسکیم میں سپریم کورٹ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے تحت لوگوں کو وافر مقدار میں پانی ملے، ان کے جانوروں اور کھیتوں کوپانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، لیکن مودی حکومت نے یہ یقینی بنانے کے بجائے اس کا فائدہ اپنے چند دوستوں کو دینا شروع کر دیا ہے۔کانگریس لیڈروں نے کہا کہ اب گجرات حکومت نے غریب قبائلیوں کے پانی کا حق ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے گجرات میں تحریک چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پارتاپی نرمدا لنک بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے 50,000 قبائلی خاندان متاثر ہوں گے۔ جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جنگلات کاٹے جائیں گے اور لوگوں کو پانی اور جنگلات کے بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب قبائلی بیدار ہوئے اور ستیہ گرہ شروع کیا تو بی جے پی کے ریاستی صدر نے اعلان کیا کہ یہ پروجیکٹ نہیں بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارتاپی نرمدا ندی اسکیم حکومت کی ہے، اس لیے اسے بنانے یا نہ بنانے کا فیصلہ حکومت کو کرنا ہے، لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ بی جے پی کے ریاستی صدر اس سلسلے میں فیصلہ لے رہے ہیں اور وہ بتا رہے ہیں کہ اس اسکیم کو لاگو کیا جائے گا یا نہیں۔ نرمدا کا پانی لوگوں تک نہیں پہنچ رہا ہے، جب کہ صنعت کاروں کو پانی دیا جا رہا ہے۔سینئر ایم ایل اے سکھرام راٹھوا نے کہا کہ بی جے پی حکومت قبائلیوں کے حقوق چھیننے کا کام کر رہی ہے۔ نرمدا پروجیکٹ سے 50 ہزار خاندان متاثر ہو نے والے ہیں، اس لیے کانگریس اس پر ستیہ گرہ کرے گی۔ یوتھ ایم ایل اے اننت پٹیل نے کہا کہ گجرات میں قبائلیوں کے مفادات کے لیے تحریک چل رہی ہے۔ نرمدا ڈیم کے لیے زمین کے استعمال کی وجہ سے قبائلیوں کی شناخت خطرے میں پڑ گئی ہے اور ان کی پارٹی اس کے خلاف اپنی تحریک جاری رکھے گی۔

Related Articles