ایمس میں برنس اور پلاسٹک سرجری کی ہنگامی خدمات شروع

نئی دہلی، مارچ۔آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نے قومی دارالحکومت میں برنس اینڈ پلاسٹک سرجری (بی پی ایس) کے شعبہ میں ہنگامی خدمات شروع کردی ہیں۔حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی کے شرما نے کہا کہ ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے آٹھ آبزرویشن بیڈ ہوں گے۔ڈاکٹروں کے مطابق بی پی ایس بلاک میں ایمرجنسی سروس شروع ہونے سے مریضوں کو الگ اور فوری نگہداشت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال اس وقت کے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے ایسے مریضوں کے علاج کے لیے 100 بستروں کی اس سہولت کا افتتاح کیا تھا۔ بی پی ایس بلاک ایمس کی نسبتاً نئی سہولت ہے۔ذرائع کے مطابق، اس طرح کی سہولت صرف مرکز کے زیر انتظام صفدر جنگ اسپتال اور رام منوہر لوہیا (آر ایم ایل) اسپتال اور دہلی حکومت کے زیر انتظام لوک نائک جئے پرکاش (ایل این جے پی) جیسے منتخب اسپتالوں میں دستیاب ہے۔اس نئی سہولت کے تحت، بی پی ایس بلاک میں آئی سی یو میں 30 علیحدہ کیوبیکلز، 10 آئسولیشن پرائیویٹ کمرے اور چھ آپریشن تھیٹر ہیں۔حکام کے مطابق، اس میں اسکن بینکنگ سہولیات، پیڈیاٹرک فزیوتھراپی، ہائپر بیرک آکسیجن تھراپی اور برن ہائیڈرو تھراپی کی ترقی کے لئے کام کئے جانے ہیں۔

Related Articles