اونتی پورہ تصادم: لشکر طیبہ کا مقامی جنگجو ہلاک :آئی جی کشمیر

سری نگر،مارچ ۔ جنوبی ضلع پلوامہ کے چرسو اونتی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر طیبہ کا مقامی جنگجو ہلاک ہوا ہے ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ چرسو اونتی پورہ تصادم میں لشکر طیبہ کا مقامی جنگجو مارا گیا اور اُس کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا ہے ۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد منگل کی صبح کو 42 آر آر، 130بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ طورپر چرسو اونتی پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار وں نے مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اُن کے مطابق سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران ایک مقامی جنگجو مارا گیا۔انہوں نے مہلوک جنگجو کی شناخت اویس راجا ولد محمد رمضان ڈار ساکن سبحان پورہ کے بطو رکی ہے ۔پولیس ریکارڈ کے مطابق مذکورہ جنگجو عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھی پیش پیش تھا۔تصادم کی جگہ سیکورٹی فورسز نے ایک اے کے 56 رائفل 3اے کے میگزین اور 80 گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے ۔انہوں نے بتایا کہ برآمد کئے گئے قابل اعتراض مواد کو پولیس نے قانونی جانچ کے لیے روانہ کردیا ہے ۔ دریں اثنا پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے علاوہ ازیں آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ چرسو اونتی پورہ تصادم میں سیکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ جس جگہ تصادم ہوا وہاں سے قومی شاہراہ نزدیکی پر واقع لہذا یہ آپریشن غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا۔

 

Related Articles