یوگی نے آج صبح وزیر اعلی رہائش گاہ پر محکمہ صحت کے افسران کی میٹنگ کی

لکھنؤ:نومبر۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں تیزی سے پیر پھیلا رہے متعدی مرض ڈینگو کے انفکشن کو روکنے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہفتہ کو محکمہ صحت کے افسران سے فیلڈ میں جاکر حالات پر باریک نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔یوگی نے آج صبح وزیر اعلی رہائش گاہ پر محکمہ صحت کے افسران کی میٹنگ کی۔ وزیر اعلی نے نوڈل افسران کو ڈینگو کی روک تھام کے انتظامات کو دیکھنے کے لئے دوبارہ فیلڈ میں جانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں سرویلانس کی سرگرمیاں بڑھائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے سبھی نگر نگم، مقامی اکائی، صاف صفائی، فاگنگ، اینٹی لاروا اسپرے پر خصوصی مہم چلائیں ساتھہی وزیر اعلی یوگی نے ہدایت دی کہ مشن موڈ میں ڈاکٹروں اور دواؤں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اسپتال میں پہنچنے والے ہر ایک مریض کو ہر حال میں ضروری علاج ملنا چاہئے۔اس سے پہلے بھی وزیر اعلی نے 26اکتوبر کو ڈینگو کے سلسلے میں محکمہ صحت کے افسران کو اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت دی تھی۔ ساتھ ہی ہر ایک ضلع اسپتال میں آئیسولیشن وارڈ بنانے سمیت دواؤں و دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی۔ وزیر اعلی نے ریاست کے عام شہریوں سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ متعدی بیماریوں کے سلسلے میں احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

Related Articles