یوکرین سے پٹنہ پہنچے طلباء ہوئے جذباتی

پٹنہ ،فروری۔یوکرین بحران کے مابین وہاں رہ رہے بہار کے طلبا کا پہلا قافلہ آج واپسی پر جذباتی ہوکر مادر وطن کو چومنے کے ساتھ ہی ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔یوکرین سے نئی دہلی اور ممبئی کے راستے اتوار کو پٹنہ کے جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ایئر پورٹ پہنچے ۔ بہار ی طلباءکا اپنے وطن میں قدم رکھنا کسی خواب کا شرمندہ تعبیر کے مترادف تھا ۔ یوکرین کے میدان جنگ میں جہاں ہر طرف تشدد،کشیدگی کی اور افرا تفری کی صورتحال ہے وہاں سے صحیح سالم وطن واپسی پر بہار کے بچوں نے جب اپنی سرزمین پر قدم رکھا تو وہ بہت ہی جذباتی ہوگئے ۔ کوئی مادر وطن کو سلام پیش کرنے لگا تو کوئی اپنی اہل خانہ سے ملک کر جذباتی ہوگیا۔ کسی نے وطن واپسی پر گلے لگا کر خوشی کا اظہار کیا تو کسی نے نم آنکھوں سے ملک لوٹنے پر خوشی کا اظہار کیا۔روس اور یوکرین کے مابین جنگ کی وجہ سے یوکرین میں موجود لگ بھگ 20 ہزار طلباءکی زندگیوں پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے تھے ۔ یوکرین سے ہندوستانیوں کو نکالنے کیلئے مرکزی حکومت نے ” آپریشن گنگا “ نامی مہم چلائی ہے ۔ اسی مہم کے تحت بہار کے طلباءبھی یوکرین سے پٹنہ پہنچے ۔یوکرین سے لوٹے طلباءنے بتایاکہ اگر یوکرین میں میں ہندوستانی لوگ اپنے ساتھ ہندوستان کا قومی پرچم لہراتے چلتے رہے ہیں تو انہیں نہ تو روس کی فوج کچھ نقصان پہنچا رہی ہے اور نہ ہی یوکرین کی جانب سے کوئی پریشانی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یوکرین میں فی الحال کھانے پینے کے مسائل بھی شروع ہونے لگے ہیں۔ ساتھ ہی اگر جنگ جاری رہی تو آنے والے دنوں میں وہاں رہنے کے لائق حالات نہیں رہیںگے ۔طلباءنے کہاکہ جنگ کی وجہ سے وہاں حالات رہنے کے لائق نہیں رہ گئے ہیں۔ طلباءنے لوٹنے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ یوکرین میں جو دیگر ہندوستانی پھنسے ہیں ہم سب ان کی صحیح سالم واپسی کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے مرکز اور بہار حکومت کی جانب سے وطن واپسی کیلئے مہیا کرائی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔طلباءنے یوکرین کے ناگفتہ حالات سے ہندوستانیوں کو نکالنے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کی تعریف کی ۔ پٹنہ پہنچے طلباءکے خیر مقدم کیلئے بہار کے نائب وزیراعلیٰ تارکشور پرساد ، وزیر صنعت شاہنواز حسین اور آبی وسائل کے وزیر سنجے جھا موجو دتھے ۔ پٹنہ ضلع مجسٹریٹ چندر شیکھر خود ایئر پورٹ پر تمام طلباءکا خیر مقدم کرنے کے بعد انہیں ان کے آبائی اضلاع میں بھیجنے کے انتظامات میں مصروف رہے ۔بہار آئے طلباءمیں مدھے پورا کے ستیش کمار ساحل ، مظفر پور کی اسمرتی پانڈے ، ارول کے امت کمار ، بھاگلپور کے پرشانت کمار ، سارن کی انمول میرا اور نالندہ کی دویا بھارتی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے افسران کو طلباءکو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچانے کیلئے تمام انتظامات کرنے کی ہدایتیں دی گئی ہیں۔

Related Articles