گہلوت رکنیت سازی مہم کا افتتاح کریں گے
جے پور اکتوبر۔راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت پیر کو ریاست میں کانگریس کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کریں گے۔ اس موقع پر ریاستی انچارج اجے ماکن اور ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا بھی موجود رہیں گے۔ریاست میں ممبر شپ مہم 31 مارچ 2022 تک چلے گی۔ ریاستی کانگریس کا ان پانچ مہینوں میں 10 لاکھ ممبربنانے کا ہدف ہے جس کے تحت ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں کم از کم پانچ ہزار ممبر بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔لانچنگ پروگرام میں حکومت کے وزراء ایم ایل اے، سبکدوش ہونے والے ضلع صدور، ریاستی ایگزیکٹو اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے امیدواررہے لیڈران کو بلایا گیا ہے۔کانگریس میں یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ رکنیت سازی مہم ڈیجیٹل فارمیٹ میں کی جائے گی۔ اس کے لیے کانگریس کا رکن بننے کے لیے ڈیجیٹل فارمیٹ کو بھی پُر کرکے جمع کرنا ہوگا۔ اس کے بعد وہ کانگریس کے رکن بن سکیں گے۔ اس سے پہلے کانگریس کی رکنیت آف لائن ہوا کرتی تھی۔رکنیت سازی مہم کی تکمیل کے بعد 16 اپریل سے 31 مئی 2022 تک بلاک صدور اور ریاستی کانگریس ارکان کا انتخاب ہوگا۔ اس کے بعد یکم جون سے 20 جولائی 2022 تک ضلع سربراہان، نائب صدور، خزانچی اور ضلع ایگزیکٹوز کی تشکیل کی جائے گی۔ضلع صدور اور ضلع ایگزیکٹو کے انتخاب کے بعد 21 جولائی سے 20 اگست 2022 کے درمیان ریاستی کانگریس صدر، نائب صدر، خزانچی، ریاستی ایگزیکٹو اور اے آئی سی سی ممبر کے انتخابات کرائے جائیں گے اور اس کے بعد 21 اگست سے 20 ستمبر کے درمیان، کانگریس کے قومی صدر کا انتخاب ہو گا۔