گورنر نے ممتا بنرجی کو واٹس اپ پر یکجہتی اور ہم آہنگی کا پیغام بھیجا

کلکتہ یکم فروری۔ مغربی بنگا ل کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے ذریعہ گورنر جگدیپ دھنکر کو ٹوئیٹر پر بلاک کئے جانے کے بعد گورنر نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو واٹس اپ کے ذریعہ ہم آہنگی کا پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔گورنر نے واٹس اپ پیغام کو پھر ٹوئیٹ بھی کیا ہے۔خیال رہے کہ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کل گورنر کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ حکومت اور ان کے افسران کو ہراساں کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔اس لئے میں نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر گورنر کو بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ گورنر ہر دن ٹوئیٹر غیر آئینی، غیر اخلاقی باتیں پوسٹ کرکے ہمیں ہدایات جاری کرتے ہیں ۔لیکن ہم عوام کی منتخب حکومت ہیں۔وہ ایک نامزد عہدہ پر فائز ہیں مگر وہ ا ب سپرڈاگ واچ بننے کی کوشش کررہے ہیں۔گورنر نے آج ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج میں نے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کو واٹس اپ پر پیغام بھیجا ہے۔’’آئینی عہدہ فائز افراد کے درمیان مکالمہ اور ہم آہنگی جمہوریت کی روح اور آئین کے مینڈیٹ کا تقاضا ہے۔یہ ایک دوسرے کی عزت اور احترام کے ساتھ حاصل ہوسکتا ہے۔میری طرف سے آپ کے لیے سب سے زیادہ ذاتی احترام رہا ہے۔مجھے یقین ہے کہ یہ آپ سوچ سمجھ کر غور کریں گی‘‘گورنر اور بنگا ل حکومت کے درمیان اختلافات شدید تر ہوتے جارہے ہیں۔کل پارلیمنٹ میں صدر کے خطاب کے بعدترنمول کانگریس کے ایوان کے قائد سدیپ بندو پادھیائے نے صدر جمہوریہ سے شکایت کی کہ گورنر بنگا ل پارلیمانی جمہوریت کےلئے خطر ہ بنے ہوئے ہیں ۔اس لئے انہیں اس عہدہ سے برطرف کیا جائےاس وقت نائب صدر جمہوریہ ونکیا نائیڈو بھی وہاں موجود تھے۔ ریاستی بی جے پی کے صدر سکانت مجمدار نے کہا کہ’’پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں آج ترنمول کے ممبران پارلیمنٹ نے جو کچھ کیا وہ ہندوستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ سنٹرل ہال میں صدر کی تقریر کے بعد مبارکباد کے تبادلے کی روایت ہے۔حال ہی میں، ترنمول کانگریس راجیہ سبھا کے چیف وہپ سکھیندو شیکھر رائے نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کوراجیہ سبھا میں گورنر کے خلاف تحریک پیش کرنے کی تجویز پیش کی۔جس پرترنمول کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ نے اتفاق کیا۔اب یہ دیکھنے کے قابل ہے کہ گورنر کے اس پیغام سے ممتا بنرجی کا دل پگھلتا ہے کہ نہیں ۔

 

Related Articles