گوا کے آٹھ کانگریس ایم ایل اے بی جے پی میں شامل

پنجی، ستمبر۔گوا میں بدھ کو کانگریس کو بڑا جھٹکا لگا، پارٹی کے آٹھ ایم ایل اے کانگریس چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے۔وزیر اعلیٰ پرمود ساونت کی موجودگی میں آٹھ ممبران اسمبلی بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ بی جے پی میں شامل ہونے والے ایم ایل ایز میں مائیکل لوبو اور دگمبر کامت کے علاوہ سنکلپ امنوکر، روڈولف فرنانڈس، راجیش فالدیسائی، کیدار نائک، الیکسیو سیچیرا اور ڈیلیاہ لوبو شامل ہیں۔سابق اپوزیشن لیڈر مائیکل لوبو نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا، "کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی آج میٹنگ ہوئی اور پارٹی کے آٹھ ایم ایل ایز نے بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ ایک قرارداد منظور کی گئی اور اس کی کاپی اسمبلی سکریٹری کو سونپی گئی۔مسٹر لوبو نے کہا، "ہم وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ پرمود ساونت کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لیے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں… ‘کانگریس چھوڑو، جوڑو بی جے پی۔ کانگریس کو یہ جھٹکا ایسے وقت لگا ہے جب ملک بھر میں بھارت جوڑو یاترا نکالی جا رہی ہے جس میں پارٹی لیڈر راہل گاندھی پد یاترا کر رہے ہیں۔بقیہ تین کانگریس ایم ایل اے آلٹن ڈی کوسٹا، گوا کانگریس کے ورکنگ صدر الیماو یوری اور وکیل کارلوس فریرا ہیں جو بی جے پی میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔اس سال فروری میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے کل 11 ایم ایل ایز نے کامیابی حاصل کی تھی۔ فی الحال آٹھ ایم ایل ایز کے بی جے پی میں جانے کے بعد اب کانگریس کے پاس صرف تین ایم ایل اے رہ گئے ہیں۔ اسے کانگریس کے لیے بڑا جھٹکا سمجھا جا رہا ہے۔

Related Articles