گاندھی جینتی سے مدھیہ پردیش میں ’نشہ مکتی ابھیان‘
بھوپال، اکتوبر۔ مدھیہ پردیش میں مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر 2 اکتوبر سے ریاست گیر منشیات کی لت سے نجات کی مہم شروع کی جائے گی۔ وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان یہاں لال پریڈ گراؤنڈ میں ریاستی سطح کے اہم پروگرام کی شروعات کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس پروگرام میں سماجی انصاف اورتفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کھٹک، سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی، پتنجلی یوگ پیٹھ کے بانی بابا رام دیو اور دیگر معززین بھی موجود رہیں گے۔ریاست کے سوشل جسٹس اینڈ ڈس ایبلڈ ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے چلائی گئی مہم کے دوران پورے سماج کو منشیات کے استعمال کے مضر اثرات اور خاص کر نوجوانوں کو منشیات کے خلاف بیدار کیا جائے گا۔ ریاست کے ہر قصبے اور گاؤں میں اجلاس اور حلف برداری کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جس میں منشیات چھوڑنے والے لوگوں کے تجربے مشترک کرنے کے ساتھ منشیات کی جانب راغب ہورہے افراد کی ابتدائی علامات کی جانکاری دی جائے گی۔ مہم میں نشہ چھڑانے کے کیمپ لگائے جائیں گے اور ڈی ایڈکشن ہیلپ لائن 14446 کے ذریعے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائیں گی۔مہم میں مذہبی رہنماؤں، سماجی تنظیموں، رضاکار تنظیموں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا تعاون بھی لیا جائے گا۔ مہم کے تحت اسکولوں اور کالجوں میں پروگراموں کے ساتھ ساتھ ماحول سازی کے لیے مختلف سرگرمیاں چلائی جائیں جائیں گی۔ تمام اضلاع میں نشہ چھڑانے کی مہم کے لیے کلکٹر کی سربراہی میں ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ریاست کے کچھ سیاست دان وقتاً فوقتاً نشہ بندی کی بات اٹھاتے رہے ہیں۔