کیپٹن امریندر کی ڈوبھال سے ملاقات
ڈوبھال کی وزیر داخلہ امت شاہ سے میٹنگ
نئی دہلی ، ستمبر۔پنجاب کے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد دہلی میں کانگریس رہنما کیپٹن امریندر سنگھ نے ایک اہم پیش رفت کے تحت جمعرات کے روز یہاں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی۔ مسٹر ڈوبھال کے ساتھ کیپٹن سنگھ کی ملاقات کی اہمیت اس لحاظ سے بڑھ جاتی ہے کہ مسٹر ڈوبھال نے اس ملاقات کے کچھ دیر بعد ہی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔واضح رہے کہ کیپٹن سنگھ نے پنجاب پردیش کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ لمبی کھینچ تان میں پارٹی ہائی کمان کے رویہ سے خودکی ’بے عزتی‘ محسوس کرتے ہوئے وزراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔وہ منگل کی شام سے دہلی میں ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز وزیرداخلہ سے ان کی رہائش گاہ پر تقریباً 50 منٹ تک میٹنگ کی تھی۔ کیپٹن سنگھ کے استعفیٰ کے بعد مسٹر سدھو نے پارٹی ہائی کمان کے فیصلوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب پردیش کانگریس صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔